صوبائی دارلحکومت کی تمام پولیس ڈویڑن کی حدود میں کھلی کچہریاں منعقد

سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کی گریٹر اقبال پارک میں منعقدہ کھلی کچہری میں شرکت سربراہ لاہور پولیس نے شہریوں کے مسائل سنے اور حل کے لئے موقع پر احکامات دیئے

ہفتہ 18 ستمبر 2021 22:14

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 ستمبر2021ء) سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کی ہدایت پر آج صوبائی دارلحکومت کی تمام پولیس ڈویڑنز کی حدود میں کھلی کچہریاں منعقد کی گئیں۔سی سی پی او لاہور کے اس احسن اقدام سے شہریوں کو ان کے گھر کی دہلیز پر فوری اور بروقت انصاف کی فراہمی کی راہ ہموار ہوئی ہے۔ سی سی پی او کی ہدایت پر تمام ڈویڑن کی حدود میں بیک وقت سہ پہر 04 بجے سے شام 06 بجے تک کھلی کچہریوں کا انعقادکیا گیا۔

کھلی کچہریوں کا یہ سلسلہ ہر جمعة المبارک کو باقاعدگی سے جاری رکھا جائے گا۔سی سی پی او لاہور، ڈی آئی جیز، ایس ایس پیز، ڈویڑنل ایس پیز انوسٹی گیشن و آپریشن، ایس ڈی پی اوز اور متعلقہ ایس ایچ اوز ان کھلی کچہریوں میں شرکت یقینی بنائیں گے۔

(جاری ہے)

سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے خود بھی آج گریٹر اقبال پارک میں منعقدہ کھلی کچہری میں شرکت کی۔

ڈی آئی جی انوسٹی گیشن شارق جمال،ایس پی سٹی رضوان طارق،ایس پی انوسٹی گیشن کامران عامر خان،ایس ڈی پی اوز،ایس ایچ اوز اور آپریشنز و انوسٹی گیشن ونگز کے متعلقہ افسران اس موقع پر موجود تھے۔ سی سی پی او غلام محمود ڈوگر نے کھلی کچہری میں عوام و الناس کے مسائل سنے اور حل کے لئے موقع پر احکامات دیئے۔سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کا کہنا تھا کہ کھلی کچہریوں کا مقصد شہریوں کے مسائل کو براہ راست سننا اور انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہے۔

سی سی پی او لاہور نے کہا کہ پولیس شریف شہریوں کے لئے ایک سروس ہے۔عوام ہمارے باس اور مرکزی سٹیک ہولڈرہیں۔بحیثیت سی سی پی او میرا کردار شہریوں اور پولیس کے درمیان ایک پل کا ہے۔ہمیں پولیس اور عوام کے درمیان فرق اور فاصلے ختم کرنا ہے۔راوی روڈ اور مینار پاکستان کے گرد و نواح کے پرہجوم اور گنجان آباد علاقوں میں ہماری سب سے زیاددہ ضرورت ہے۔

علاقے کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔ اور کسی قبضہ مافیا اور بدمعاش کو علاقے میں نہیں رہنے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ میں اس علاقے میں آپ کی خدمت اور حفاظت کے لئے آیا ہوں تاکہ آپ آزادانہ اور بلا روک ٹوک اپنے مسائل ہمارے سامنے لائیں۔غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ اب پولیس عوامی مسائل کے حل کیلئے خود شہریوں کی دہلیز پر آئے گی۔کھلی کچہری میں موصول ہونے والی درخواستوں کو فوری نمٹایا جائے گا۔

کھلی کچہریوں کے انعقاد سے پولیس افسران و عوام الناس میں اعتماد کی فضا قائم ہو گی۔ انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ تھانوں میں آنے والے شہریوں اور سائلین کو جناب کہہ کے مخاطب کریں۔میرٹ پر تفتیش اور فوری انصاف کو یقینی بنایا جائے۔غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ ہم اور شہری نئی نسل کے لئے رول ماڈل ہیں۔معاشرے سے منشیات اور سماجی مسائل کے خاتمے کے ۵لئے اہل علاقہ،تاجر برادری، علما کرام، اساتذہ سب کو باہمی مشاورت سے نئی نسل کا مستقبل محفوظ بناناہے۔

سی سی پی او لاہور کی ہدایت پر آج سٹی ڈیڑن میں تھانہ بادامی باغ،اقبال ٹاون ڈویڑن میں تھانہ نواں کوٹ،ماڈل ٹاون ڈویڑن میں تھانہ اچھرہ صدر ڈویڑن میں تھانہ رائے ونڈ،کینٹ ڈویڑن میں تھانہ جنوبی چھاؤنی جبکہ سول لائنز ڈویڑن میں تھانہ مغلپورہ میں کھلی کچہری منعقد ہوئی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں