پنجاب میں بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے متعدد قوانین نافذ کیے جا چکے ہیں،اعجاز عالم آگسٹین

ہفتہ 18 ستمبر 2021 20:24

لاہور۔18ستمبر  (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 ستمبر2021ء) :صوبائی محکمہ انسانی حقوق و اقلیتی امور اور ایک نجی فلاحی ادارے کے اشتراک سے لاہور کے ایک ہوٹل میں،فریڈم ڈے، کے موضوع پر تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ صوبائی وزرا انسانی حقوق واقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین اور سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ سید یاور عباس بخاری کی تقریب میں خصوصی طور پر شرکت۔

تقریب میں بچوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے شرکا کی جانب سے مختلف تجاویز پیش کی گئیں، جس میں چائلڈ لیبر ایکٹ کو چلڈرن ایکٹ میں شامل کرنا،ورکرز ایکٹ میں بہتری لاکر عام آدمی کی رسائی کے لئے ہیلپ لائن کا قیام،پنجاب بھر میں لیبر انسپکٹروں کی تعداد میں اضافہ،ڈسٹرکٹس لیول پر کوارڈینیشن میں مزید بہتری،برتھ رجسٹریشن کو لازمی قرار دیا جانا،،نادرا میں سمارٹ کارڈ بنانا،پنجاب بھر کے تھانوں میں بچوں کو بڑوں سے علیحدہ رکھا جانا اور آبزرویشن رومز بنانا، بچوں کے حوالے سے پولیس ریفارمز کو اہمیت دیا جانا شامل تھیں۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر انسانی حقوق اعجاز عالم نے اپنے خطاب کے دوران کہاکہ صوبہ پنجاب میں بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے متعدد قوانین نافذ کیے جا چکے ہیں جیسا کہ پنجاب اسمبلی میں بچوں کی شادیوں پر پابندی کے حوالے سے ترمیمی ایکٹ 2015 نافذ کیا جا چکا ہے، جس کے تحت اب بچوں کی شادیوں میں ذمہ داران کیلئے سخت سزاں کو نافذ کیا جا رہا ہے، نکاح خواں اور بچوں کے سرپرست کو جرمانے اور سزا بھگتنا پڑے گی جبکہ پنجاب میں بے سہارا اور نظرانداز بچوں کو ایکٹ کے ذریعے بچوں کی بازیابی، تحویل، دیکھ بھال اور بحالی کے لئے ایک طریقہ کار کا تعین کیا جا چکا ہے۔

اس کے ساتھ صوبہ بھر میں بچوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کے لیئے 15 سال سے کم عمر بچوں کے لئے ایک خودمختار چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو تشکیل دیا جا چکا ہے۔ صوبائی وزیر یاور عباس بخاری نے اپنے خطاب میں کہاکہ حکومت پنجاب کی جانب سے 100 فیصد پیدائش کے اندراج کو یقینی بنانے کے لئے کوششیں جاری ہیں جیسا کہ موبائل ٹیکنالوجی کے استعمال سے ڈیجیٹل برتھ رجسٹریشن متعارف کروائی جا رہی ہے۔

صوبائی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اپنی قومی اور بین الاقوامی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہے،اس لئے تحریک انصاف کی حکومت خواہاں ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیکر آگے بڑھا جاسکے جبکہ انسانی حقوق کے تحفظ اور انسانی حقوق کی پامالیوں کو روکنے کے لئے تمام متعلقہ محکموں کے تعاون کی ضرورت درکار ہے۔صوبائی وزرا نے شرکا کو یقین دلایا کہ ان کی طرف سے پیش کیجانیوالی تمام تجاویز کو اہمیت دیجائے گی تاکہ ہم سب ملکر  اپنے بچوں کا مستقبل محفوظ بنا سکیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں