اینٹی کرپشن کی کرپٹ سرکاری ملازمین کے خلاف مختلف کارروائیاںچھ افراد گرفتار ،مقدمات درج

منگل 21 ستمبر 2021 12:39

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2021ء) اینٹی کرپشن نے کرپٹ سرکاری ملازمین کے خلاف مختلف کارروائیوں کے دوران چھوٹا تھانیدار ، نائب تحصیلدار اور پٹواری سمیت چھ افراد کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمات درج کرلئے ،ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب محمد گوہر نفیس کا کرپٹ سرکاری ملازمین کے خلاف کریک ڈان مذید تیز کرنے کا حکم دیدیا ۔

ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب کے مطابق فیصل آباد ، ساہیوال اور اٹک میں محکمہ پولیس اور محکمہ مال کے ملازمین رنگے ہاتھوں گرفتار کیے گئے۔ اینٹی کرپشن پنجاب نے ساہیوال کے تھانہ کمیر میں اے ایس آئی محمد بوٹا پر ٹریپ ریڈ کیا۔ سرکل آفیسر ساہیوال اور جوڈیشل مجسٹریٹ نے ملکر چھوٹے تھانیدار پر ٹریپ ریڈ کیا۔ اے ایس آئی محمد بوٹا کو پندرہ ہزار روپے رشوت لیتے رنگے ہاتھوں گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اینٹی کرپشن اٹک نے نائب تحصیلدار راجہ آفتاب ، گرداور شاہنواز اور حلقہ پٹواری فراقت علی کو گرفتار کر لیا۔ تینوں ملزمان نے محکمہ مال کے ریکارڈ میں ردو بدل کرکے مدعی کو قیمتی اراضی سے بے دخل کیا ۔ ملزمان کے خلاف 2019 میں اینٹی کرپشن میں مقدمہ نمبر 7/2019 درج ہوا تھا۔ ٹھوس شواہد اور مکمل چھان بین کے بعد ملزمان کی جعلسازی واضح ہونے پر گرفتاری عمل میں لائی گئی۔ اینٹی کرپشن فیصل آباد نے مقدمہ نمبر 1/2020 میں دو افراد گرفتار کر لئے۔ ملزمان رمضان اور علی احمد نے جعلی سیل ڈیڈ تیار کرکے مدعی کو قیمتی اراضی سے محروم کرنے کی کوشش کی۔دونوں ملزمان کو اسسٹنٹ ڈائریکٹر عمیر عباس رانجھا نے گرفتار کیا۔ پنجاب بھر میں کرپٹ سرکاری ملازمین کے خلاف بلا امتیاز کاروائیاں جاری ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں