ایل ٹی سی کا کام عوام کو سستی سفری سہولیات مہیا کرنا تھا جس میں یہ بری طرح ناکام ہوچکی ہے‘مرکزی صدر عوامی رکشہ یونین

اربوں روپے کی قابل استعمال بسیں کباڑیوں کو کوڑیوں کے بھائو بیچ دی گئی ہیں،اس کمپنی کا سارا عملہ اب فارغ ہے اس کمپنی کو فوری طورپر بند کر دیا جائے ‘حاجی رفاقت

بدھ 22 ستمبر 2021 19:03

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2021ء) عوامی رکشہ یونین پاکستان کے مرکزی صدر حاجی رفاقت نے کہا ہے کہ ایل ٹی سی کا کام عوام کو سستی سفری سہولیات مہیا کرنا تھا جس میں یہ بری طرح ناکام ہوچکی ہے، اربوں روپے کی قابل استعمال بسیں کباڑیوں کو کوڑیوں کے بھائو بیچ دی گئی ہیں،اس کمپنی کا سارا عملہ اب فارغ ہے،ان کے پاس اپنا کوئی کام تو رہا نہیں اب یہ ٹولیوں کی شکل میں پورے شہر میں پھیل جاتے ہیں اور جگہ جگہ ڈاکو ناکے لگا کر رکشہ ،ٹیکسی، ویگن اور بسوں والوں کے ماہانہ کروڑوں کے چالان کرکے ان کی محنت کی کمائی لوٹ رہے ہیں،یہ بھی اسی جرم کا چالان کرتے ہیں جس کا اختیار گورنمنٹ نے ٹریفک پولیس کو دے رکھا ہے،یعنی ایک ہی جرم کے دو دو دفعہ جرمانے کرکے غریب رکشہ ڈرائیوروں کا معاشی قتل کیا جارہاہے،ہمارا مطالبہ ہے کہ اس کمپنی کو فوری طورپر بند کر دیا جائے ، جو سفید ہاتھی بن چکی ہے اور قومی خزانے پر بوجھ ہے، چیئرمین نیب ایل ٹی سی کی کرپشن کا نوٹس لیں۔

(جاری ہے)

جس کی وجہ سے اربوں کی بسیں مصری شاہ کے کباڑیوں کو کوڑیوں کے بھائو بیچ دی گئی ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔احتجاجی مظاہرے میں عوامی رکشہ یونین کے سینکڑوں کارکنوںنے شرکت کی جو ایل ٹی سی اور مہنگائی کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے۔ سیکرٹری جنرل ذیشان اکمل کا کہنا تھاکہ ملک میں انتہا کی مہنگائی ہو چکی ہے۔

رکشہ ڈرائیور مشکل سے پانچ ، چھ سو روپے کماتاہے۔ ایل ٹی سی 1500سو کا چالان کر دیتی ہے۔ٹریفک پولیس الگ سے چالان کرتی ہے۔پٹرول، ڈیزل اور ایل پی جی کی قیمتوں میں دگنا اضافہ ہوگیا ہے۔ آٹا، چینی ، گھی ،سبزیاں ، دالیں ، مرغی غریب کی پہنچ سے دور ہو گئی ہے۔ادویات مہنگی ہونے سے غریب علاج سے محروم ہو گیاہے۔ صحت کارڈ ایک ڈرامہ ہے جس میںصرف امیروںکی بیماریوں کا علاج ہو سکتا ہے۔

غریب کے نزلہ ، زکام، بخار اور دانت درد کا نہیں۔ حکومت مہنگائی ختم کرے اور ایل ٹی سی کو مکمل بند کر دے اور چالان کرنے سے روکے۔ احتجاج کا سلسلہ مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گا۔ اسی سلسلے میں کل 23ستمبر 2021ء بروز جمعرات ریلوے سٹیشن پر بھی بہت بڑا احتجاجی مظاہرہ کریں گے جس میں ہزاروں رکشہ ڈرائیور شرکت کریں گے۔ اس احتجاجی مظاہرے سے مرکزی چیئرمین مجید غوری خطاب کریں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں