سی ٹی او لاہور کی لاہور چیمبر کے عہدیداروں سے ملاقات ،ٹریفک امور پر تبادلہ خیال

سخت جرمانوں کے بغیر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی روکنا ممکن نہیں‘ منتظر مہدی کی گفتگو

ہفتہ 16 اکتوبر 2021 16:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2021ء) سی ٹی او لاہور منتظرمہدی نے لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر، سینئر نائب صدر میاں رحمن عزیز چن اور نائب صدر حارث عتیق سے لاہور چیمبر میں ملاقات کی اور ٹریفک سے متعلقہ امور پر تفصیل سے تبادلہ خیال ہے کیا ہے۔ سابق آئی جی ٹریفک پولیس غالب بندیشہ، لاہور چیمبر کے سابق صدر میاں شفقت علی اور سابق ایگزیکٹو کمیٹی ممبر خامس سعید بٹ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

سی ٹی او نے کہا کہ سخت جرمانوں کے بغیر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی روکنا ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کو روکنے کے لیے ٹائر برسٹر لگائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریڑھی بان تجاوزات اورٹریفک مسائل کی بڑی وجہ ہیں، مافیا کی پشت پناہی کی وجہ سے یہ ہٹائے جانے کے بعد دوبارہ آجاتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سروس روڈز ٹریفک کے ہموار بہائو کو یقینی بنانے کے لیے بنائی گئی تھیں لیکن یہ پارکنگ کے لیے استعمال ہورہی ہیں، ٹریفک مسائل کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے پالیسی فیصلے کرنا ہونگے۔

اس موقع پر لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر ، سینئر نائب صدر میاں رحمان عزیز چن اور نائب صدر حارث عتیق نے سی ٹی او کو ٹریفک کے ہموار بہاؤ کے لیے مختلف تجاویز دیں ، خاص طور پر مصروف مارکیٹوں کے آس پاس جہاں ٹریفک کے مسائل کاروباری سرگرمیوں میں رکاوٹ ہیں۔منتظر مہدی نے کہا کہ ٹریفک کو رواں رکھنا ٹریفک پولیس کا بنیادی کام ہے اور عملہ اس کے لیے اپنی بہترین کوششیں کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جا رہی اور محکمہ عوام میں شعور بھی پیدا کر رہا ہے۔لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری تجارت اور صنعت کے وسیع تر مفادات میں ٹریفک پولیس سے ہرممکن تعاون کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک کا ہموار بہاؤ نہ صرف کاروباری لاگت کو کم کرتا ہے بلکہ ان کی منزل پر سامان کی بروقت فراہمی کو یقینی بناتا ہے۔

میاں نعمان کبیر نے کہا کہ مسائل موجود ہیں مگر بہرطور انہیں حل تو کرنا ہے۔ ٹریفک کے بہاؤ کو برقرار رکھنا ایک مشکل کام ہے لیکن ٹریفک پولیس اس کا انتظام اتنے اچھے طریقے سے کر رہی ہے کہ معاشرے کا ہر طبقہ ان کی تعریف کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور کاروباری برادری کے درمیان رابطہ ضروری ہے اور ایل سی سی آئی ہمیشہ پولیس کے ساتھ رابطے کو بڑھانے پر خصوصی توجہ دے رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بانساں والا بازار کوون وے کرنے کے احکامات پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ انارکلی ، کوٹ لکھپت ہمدرد چوک اور گجومتہ میں ٹریفک کے شدید مسائل ہیں۔ ٹریفک کو کنٹرول کرنے کے لیے وہاں اضافی ٹریفک وارڈن تعینات کیے جائیں۔لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر میاں رحمان عزیز چن اور نائب صدر حارث عتیق نے کہا کہ ٹریفک پولیس کا کردار اس لحاظ سے بہت اہم ہے کہ ایک نظم و ضبط سے ٹریفک کا بہاؤ ایک طرف پورے معاشرے کی تصویر دیتا ہے جبکہ دوسری طرف تجارتی سامان کی نقل و حمل کا وقت کم کرکے وہ معاشی حوالے سے بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں