ریسکیو 1122 عید میلادالنبی ؐپر ہائی الرٹ رہے گی‘ ڈاکٹررضوان نصیر

ہفتہ 16 اکتوبر 2021 20:23

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2021ء) ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہا ہے کہ 12 ربیع الاول کو عید میلاد النبی ؐ کے موقع پر ریسکیو سروس ہائی الرٹ رہے گی تاکہ فوری اور موثر ایمرجنسی رسپانس فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ 13000 سے زائد ریسکیوز کو پنجاب بھر میں تعینات کیا جائے گا تاکہ تین شفٹوں میں ایمرجنسی کور فراہم کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ عید میلاد النبیؐ کے موقع پر775 ایمبولینسز، 370 فائر وہیکلز اور ریسکیو گاڑیاں، 20 اسپیشلائزڈ گاڑیاں اور 900 موٹر بائیک ایمبولینسز بھی الرٹ رہیں گی۔یہ بات انہوں نے ریسکیو ہیڈ کوارٹرز میں 12 ربیع الاول کے لیے ہنگامی انتظامات کے حوالے سے ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی جس میں تمام ہیڈ زآف ونگز نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی پی ای ایس ڈی ڈاکٹر رضوان نصیر نے عید میلاد النبی ؐ کے اس خصوصی موقع پر اجتماعات، جلوسوں اور ریلیوں کو ایمرجنسی کًوًر فراہم کرنے کیلئے کیے گئے ہنگامی انتظامات کا جائزہ لیا۔

انہوں نے آن لائن میٹنگ کے دوران تمام ڈسٹرکٹ ایمرجنسی افسران کو ہدایت کی کہ وہ عید میلاد النبی ؐ کیلئے جامع ایمرجنسی میڈیکل کور کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے ریسکیورز کی چھٹیاں محدود کرتے ہوئیضلعی ایمرجنسی افسران سے کہا کہ وہ 12 ربیع الاول کو خصوصی ایمرجنسی ڈیوٹیاں تفویض کریں۔ انہیں بتایا گیا کہ عید کی تعطیلات کے دوران تقریبا 13000 ریسکیو رزاسٹریٹجک مقامات پر تعینات کیے جائیں گے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال کی صورت میں فوری رسپانس کو یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ واٹرریسکیو اور کورونا کی ایمرجنسیز کا بروقت جواب دینے کیلئے خصوصی ریسکیو ٹیمیں تعینات کی جائیں گی۔ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ کو بتایا گیا کہ تمام ریسکیورز تین شفٹوں میں پنجاب میں قائم 900کی پوائنٹس پر خصوصی فرائض سرانجام دیں گے جن میں 250 ایمرجنسی گاڑیاں اور 650 موٹر بائیک ایمبولینس سروس شامل ہیں۔

عید کے بڑے جلوسوں میں زیادہ سے زیادہ ایمرجنسی کور فراہم کرنے کیلئے خصوصی موبائل ریسکیو پوسٹیں بھی قائم کی گئی ہیں۔اس موقع پر ہیڈ آف آپریشنز ایاز اسلم نے ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر کو ضلعی سطح پر دیگر متعلقہ ایجنسیوں اور اداروںکے ساتھ قریبی تعاون سے تیار کردہ ہنگامی منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

انہوں نے ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ کو آگاہ کیا کہ موبائل ریسکیو پوسٹوں کے ساتھ مرکزی جلوسوں کو ایمرجنسی کور فراہم کیا جائے گا جس میں ایمرجنسی گاڑیاں بشمول ریسکیو ایمبولینسز، فائر ٹینڈرز اور خصوصی گاڑیاں شامل ہوں گی۔ انہوں نے بتایا کہ جلوسوں/ اجتماعات کے اہم فوکل پرسنز کے ساتھ رابطہ بھیقائم کیا گیا ہے۔ تمام ضلعی ایمرجنسی افسران نے تمام تقریبات اور جلوسوں کے راستوں کی میپنگ کو حتمی شکل دے دی ہے۔

ایاز اسلم نے مزید بتایا کہ ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ کا صوبائی مانیٹرنگ سیل بھی تمام اضلاع کی مانیٹرنگ اور ہدایات کی فراہمی، کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں مدد اور لاجسٹک سپورٹ کیلئے چوبیس گھنٹے آپریشنل رہے گا۔۔ڈاکٹر رضوان نصیر نے شہریوں کو حضرت محمد مصطفی ؐ کے یوم ولادت پر مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ ان کی انمول تعلیمات ساری انسانیت کیلئے ایک مشعل راہ ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے درخواست کی کہ وہ نبی کریمؐکی تعلیمات پر عمل کریں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں