(ن)لیگ کی قیادت ڈینگی پر سیاست کر کے ڈس انفارمیشن پھیلا رہی ہے‘حسان خاور

شہباز شریف کی دھواں مار پالیسی سے سے ڈینگی کے تدارک کی بجائے لوگوں کو سانس کی بیماریاں لگیں‘ترجمان پنجاب حکومت جھوٹے پروپیگنڈے سے متاثر ہوکر علاج کے لئے نہ آنے والے ڈینگی کے مریضوں کے نقصان کی ذمہ دار اپوزیشن ہوگی

ہفتہ 16 اکتوبر 2021 21:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2021ء) وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی برائے اطلاعات اور حکومت پنجاب کے ترجمان حسّان خاور نے کہا ہے کہ نون لیگ کی قیادت ڈینگی پر سیاست کر کے ڈس انفارمیشن پھیلا رہی ہے۔شہباز شریف کی دھواں مار پالیسی سے ڈینگی کے تدارک کی بجائے لوگوں کو سانس کی بیماریاں لگ گئیں۔کورونا کی بیماری کا تعلق پھیپھڑوں سے ہے، اس لئے صورتحال قابو میں رکھنے کے لئے حکومت ایسا کوئی قدم نہیں اٹھا رہی۔

ڈینگی کی صورتحال پر نون لیگ کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے حسّان خاور نے کہا کہ پنجاب کے ہسپتالوںمیںڈینگی کے علاج کی سہولتیں اور فیلڈ ہسپتال بھی موجود ہے۔ اپوزیشن غلط بیانی کر رہی ہے۔جھوٹے پروپیگنڈے سے متاثر ہوکر علاج کے لئے نہ آنے والے ڈینگی کے مریضوں کے نقصان کی ذمہ دار اپوزیشن ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈینگی پر قابو پانے کے لیے حکومت پنجاب کا پلان بہت جامع ہے صرف ہیٹ اور لونگ بوٹ کی کمی ہی.ہم نمائشی گورننس کی بجائے عوام کی حقیقی خدمت پر یقین رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں روزانہ چار لاکھ گھروں اور 90 ہزار کھلی جگہوں کا سروے کرکے ڈینگی لاروا ملنے پر سپرے کیا جاتا ہے۔نون لیگ والے اپنی عینک پر ہیٹ اور لانگ بوٹ کے سٹیکر لگائیں انہیں حکومت پنجاب کی کارکردگی نظر آنا شروع ہو جائے گی-دریں اثنا ء پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے حکومت پنجاب کے ترجمان حسّان خاور نے کہا ہے کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجہ عالمی منڈی میں قیمتوں میں اضافہ ہے۔

حکومت کے ہاتھ میں پیٹرولیم مصنوعات کے حوالے سے سیلز ٹیکس اور پٹرول لیویز ہیں جو پہلے بہت کم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس اتنے پیسے نہیں کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا سارا بوجھ خود اٹھا سکیں۔ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ نون لیگ عوام کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر گمراہ کرنا چاہتی ہے۔ عوام جانتے ہیں کہ گزشتہ پانچ سالوں میں ن لیگ نے کس طرح ملکی معیشت کا دیوالیہ نکال دیا، ان ہی کی غلط پالیسیوں کے باعث آج پاکستان اس مشکل صورتحال سے دوچار ہے۔

حسّان خاور نے کہا کہ آج پیٹرول سستا کرنے سے آنے والی نسلوں پر قرضوں کا بوجھ بڑھے گا۔ انہوں نے کہا کہ جیسے ہی عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمت کم ہو گی، اس کا فائدہ عوام کو پہنچائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی پارٹی اور گھر دونوں میں اختلافات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی پر قابو پانے کے لئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو فعال کر دیا گیا ہے۔

دیگر صوبوں کی نسبت پنجاب میں مہنگائی کم ہے۔ چیف سیکرٹری پنجاب اس حوالے سے کمشنرز اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔ علاوہ ازیں خوراک کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب حسان خاور نے کہا ہے کہ مناسب غذا اور خوراک کے بغیر انسانی صحت کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔ پوری دنیا خوراک کے مسائل کے حوالے سے متفکر ہے۔

ہماری حکومت نے خوراک کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خوراک کا ضیاع روکنا عالمی چیلنج بن چکا ہے۔غذائی قلت سے پیدا ہونے والے مسائل کے بارے شعور پیدا کرنے میں عالمی یوم خوراک کا کردار بڑا اہم ہے۔خوراک کی ضروریات کی ہر انسان کو یکساں فراہمی کیلئے موثر حکمت عملی وقت کا فوری تقاضا ہے۔حسان خاور نے کہا کہ ملک میں غذائی ضروریات کو بروقت پورا کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

اس کے علاوہ معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب برائے اطلاعات و ترجمان پنجاب حکومت حسّان خاور نے لاہور پریس کلب میں منعقدہ ’’پنجابی پڑھاؤ سیمینار‘‘ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجابی ہماری ماں بولی ہے اور اس کی ترویج کیلئے بھرپور اقدامات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مادری زبان یعنی ماں بولی اس کو کہتے ہیں جس میں ماں اور بچے آپس میں گفتگو کرتے ہیں۔

مادری زبان ماں کے پیار کی طرح خالص اور میٹھی ہوتی ہے۔ ہر مادری زبان اپنے بولنے والوں کے دل و دماغ کو مسخر کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجابی کے صوفی شعراء کا پیغام ابدی ہے جو پیار، محبت اور امن کا پیغام دیتا ہے۔ پنجابی زبان سے تعلق جسم اور روح کا ہے۔ پنجابی زبان کو نظر انداز کر کے ہم اپنی تاریخ و ثقافت سے دور ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجابی زبان بول کر ہمیشہ خوشی محسوس کرتا ہوں۔

لاہور شہر میں شائع ہونے والی مزید خبریں:

Your Thoughts and Comments