سخت جرمانوں کے بغیر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی روکنا ممکن نہیں،سی ٹی او لاہور

ہفتہ 16 اکتوبر 2021 19:44

لاہور۔16اکتوبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2021ء) :چیف ٹریفک آفیسر لاہور منتظرمہدی نے لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر، سینئر نائب صدر میاں رحمن عزیز چن اور نائب صدر حارث عتیق سے لاہور چیمبر میں ملاقات کی اور ٹریفک سے متعلقہ امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ سابق آئی جی ٹریفک پولیس غالب بندیشہ، لاہور چیمبر کے سابق صدر میاں شفقت علی اور سابق ایگزیکٹو کمیٹی ممبر خامس سعید بٹ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

سی ٹی او نے کہا کہ سخت جرمانوں کے بغیر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی روکنا ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کو روکنے کے لیے ٹائر برسٹر لگائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریڑھی بان تجاوزات اورٹریفک مسائل کی بڑی وجہ ہیں، مافیا کی پشت پناہی کی وجہ سے یہ ہٹائے جانے کے بعد دوبارہ آجاتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سروس روڈز ٹریفک کے ہموار بہا ئوکو یقینی بنانے کے لیے بنائی گئی تھیں لیکن یہ پارکنگ کے لیے استعمال ہورہی ہیں، ٹریفک مسائل کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے پالیسی فیصلے کرنا ہونگے۔

اس موقع پر لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر ، سینئر نائب صدر میاں رحمان عزیز چن اور نائب صدر حارث عتیق نے سی ٹی او کو ٹریفک کے ہموار بہائو  کے لیے مختلف تجاویز دیں ، خاص طور پر مصروف مارکیٹوں کے آس پاس جہاں ٹریفک کے مسائل کاروباری سرگرمیوں میں رکاوٹ ہیں۔منتظر مہدی نے کہا کہ ٹریفک کو رواں رکھنا ٹریفک پولیس کا بنیادی کام ہے اور عملہ اس کے لیے اپنی بہترین کوششیں کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جا رہی اور محکمہ عوام میں شعور بھی پیدا کر رہا ہے۔لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری تجارت اور صنعت کے وسیع تر مفادات میں ٹریفک پولیس سے ہرممکن تعاون کرتا رہے گا۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں