صوبائی وزیر ہائوسنگ ملک اسد کھوکھر کا حلقہ پی پی 168 کا دورہ

ہفتہ 16 اکتوبر 2021 20:04

لاہور۔16اکتوبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2021ء) :صوبائی وزیر ہائوسنگ ملک اسد کھوکھر نے حلقہ پی پی 168 کا دورہ کیا اور مختلف ترقیاتی سکیموں کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد کھوکھر نے کہا کہ پی پی 168 میں سیوریج اور صاف پانی کی تمام لائنوں کو تبدیل کیا جائے گا۔ عوام آئندہ تین ماہ میں اس حلقے میں مثبت تبدیلی دیکھیں گے۔

وزیر ہائوسنگ نے کہا کہ حلقہ میں 80 کروڑ کے منصوبے جاری ہیں، آج 50 کروڑ روپے مالیت کے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کے ویژن کے مطابق تمام علاقوں میں یکساں ترقی کی پالیسی پر گامزن ہیں۔ حلقے میں صاف پانی کی فراہمی، سیوریج اور گلیوں اور سڑکوں کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی پنجاب نے پورے صوبے میں مفاد عامہ کے منصوبوں کا آغاز کیا ہے۔

صوبائی وزیر نے یو سی 231 بندیانوالہ میں مین سیوریج لائن تبدیلی کے حوالے سے ترقیاتی سکیم کا افتتاح کیا۔یوسی 230 محمدی روڈ وملحقہ علاقے کیلئے مین سیوریج لائن،یو سی 229 مجاہد روڈ غلام بھٹی کالونی میں مین سیوریج لائن کی تبدیلی سکیم کا افتتاح کیا اور یوسی 229 میں سیفی نورانی مسجد والا راستہ اور ملحقہ علاقے کیلئے مین سیوریج لائن سکیم کا افتتاح کیا۔ بعد ازاں وزیر ہائوسنگ نے حلقہ پی پی 168 کے تحریک انصاف میں دفتر میں لوگوں کے مسائل سنے اور ان کو فوری حل کرنے کیلئے ہدایات جاری کیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں