پٹرول مہنگاہونے کے بعد عوام پر پبلک ٹرانسپورٹ میں کرایوں کا بم گرا دیا گیا

پیٹرولیم کی قیمتوں میں اضافہ ،چھوٹی ٹرانسپورٹ ،لوڈرگاڑیوں نے کرایوں میں فوری اضافہ کر دیا

ہفتہ 16 اکتوبر 2021 21:28

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2021ء) ملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں کا بم گرا دیا گیا۔پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوںمیں اضافے کے بعد پبلک ٹرانسپورٹرز کی جانب سے 100 سے 200 روپے تک کا اضافہ کیا گیا ہے ۔راولپنڈی کا کرایہ 1250 سے بڑھا کر 1350 کر دیا گیا، مری کا 1600 روپے بڑھا کر 1700 روپے کر دیا گیا، پشاور کا 1500 روپے سے بڑھا کر 1600 روپے کر دیا گیا۔

دوسری طرف ملتان کا 1150 روپے سے بڑھا کر 1250 روپے کیا گیا ہے، ساہیوال کا کرایہ 450 روپے بڑھا کر 550 روپے ہو گیا ہے، سیالکوٹ 500 کی بجائے 600 روپے، راجن پور 1400 کی بجائے 1500 روپے کر دیا گیا۔بہالپور کا کرایہ 1250 سے بڑھا کر 1350 روپے کر دیا گیا جبکہ کراچی کا 3600 روپے سے بڑھا کر 3800 روپے کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

اسلام آباد میں پیٹرول کی قیمت میں حالیہ اضافے کے بعد پبلک ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں ازخود اضافہ کر دیا ہے۔

اسلام آباد میں اسٹاپ ٹو اسٹاپ کرایہ 15 سے بڑھا کر 20 روپے کردیا گیا ہے جبکہ اندرون شہر چلنے والی لوکل گاڑیوں کا کرایہ 40 روپے تک بڑھا دیا گیا ہے۔پیرودھائی سے روات تک کا کرایہ 90 روپے کردیا گیا ہے۔پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد چھوٹی ٹرانسپورٹ ،لوڈرگاڑیوں نے کرایوں میں فوری اضافہ کر دیا ہے ۔پیٹرول کی نئی قیمت 137 روپے 79 پیسے اورہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 134روپی48پیسے پر پہنچنے کے بعد شہروں کے اندرچلنے والی چھوٹی ٹرانسپورٹ کے کرایوںمیں 10سی15فیصد تک اضافہ کر دیا گیا ہے جبکہ سامان لانے اورلے جانے والی لوڈ ر گاڑیوں نے بھی اسی تناسب سے کرائے بڑھادئیے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں