بیروزگار اپوزیشن جتنی مرضی سڑکوں کی خاک چھان لے عوام سے پذیرائی نہیں ملے گی‘جمشید اقبال چیمہ

حکومت مختلف اقدامات کے ذریعے مہنگائی پر قابو پا رہی ہے ‘ تحریک انصاف کے حلقہ این اے 133سے امیدوار

پیر 18 اکتوبر 2021 13:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2021ء) پاکستان تحریک انصاف کے حلقہ این اے 133سے امیدوار جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ بیروزگار اپوزیشن بیشک ایک بار پھر سڑکوں کی خاک چھان لے لیکن اسے عوام سے پذیرائی نہیں ملے گی ، حکومت اپنی بھرپور کوشش کررہی ہے اورمختلف اقدامات کے ذریعے مہنگائی پر قابو پایا جارہا ہے ،حلقہ این ای133کے ضمنی انتخاب میں اتحاد اوریگانگت کے ذریعے کامیابی حاصل کریںگے۔

ان خیالات کا اظہارانہوںنے ضمنی انتخاب کے سلسلہ میں حلقے سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنمائوں اور اکابرین سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔رہنمائوںنے جمشید اقبال چیمہ کو امیدوارنامزد ہونے پر مبارکباد دی اورکامیابی کیلئے بھرپور انتخابی مہم چلانے کے عزم کااظہار کیا ۔

(جاری ہے)

جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ حکومتی ذمہ داران عالمی مارکیٹوں،خطے کے دیگر ممالک اورپاکستان میںاشیائے خوردونو ش کی قیمتوں کااعدادوشمار کے ساتھ جائزہ عوام کے سامنے رکھ رہے ہیں،جو اشیاء درآمدکی جاتی ہیں دنیا بھر میں ان کی قیمتیں بڑھی ہیں جس کے اثرات ہمارے ہاں بھی پڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں تیل برآمد کرنے والے ممالک کے سوا باقی تمام ممالک سے کم ہیں،ماضی میں پیٹرولیم مصنوعات پر جتنے ٹیکسز وصول کئے جاتے تھے موجودہ حکومت نا مساعد حالات کے باوجود وہ بھی کم وصول کر رہی ہے جس کا مقصد عوام کو ریلیف دینا ہے ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ حلقہ این ای133کے ضمنی انتخاب کیلئے ڈور ٹوڈورمہم چلائی جائے اور عوام کو سابقہ ادوار کی کرپشن اورموجودہ حکومت کے اصلاحات پر مبنی اقدامات سے آگاہ کیا جائے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں