جو شخص اپنے تنخواہ دار ملازمین کے اکاؤنٹ میں آنیوالے اربوں کا حساب نہیں دے سکتا وہ آٹے چینی اور دال کے بھاؤ پر شور مچا رہا ہے‘ حسان خاور

شہباز شریف کو پاکستانی قوم سے ذرہ برابر بھی ہمدردی ہے تو وہ قوم کے لوٹے گئے اربوں ڈالر پاکستان واپس لانے پر توجہ دیں‘ ترجمان حکومت پنجاب اپنے اقتدار کے آخری دنوں میں زرمبادلہ کے ذخائر بے دردی سے لٹانے والے آج پوچھ رہے ہیں کہ ڈالر کی قیمت اوپر کیوں جا رہی ہی

پیر 18 اکتوبر 2021 21:13

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2021ء) وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی برائے اطلاعات اور حکومت پنجاب کے ترجمان حسّان خاور نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف اور دیگر لیڈروں کے حالیہ بیانات سے یہ ثابت ہوگیا ہے کہ ان تمام جماعتوں کا بیانیہ صرف اور صرف عمران خان کی مخالفت تک محدود ہے۔ عمران خان کی مخالفت میں ان سب کا یک زبان ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ جماعتیں اور ان کے لیڈر کبھی بھی نظریاتی سیاست کی حامل نہیں رہے۔

حسان خاور نے کہا کہ حیرت اور افسوس کامقام ہے کہ جو شخص اپنے تنخواہ دار ملازمین کے اکاؤنٹ میں نامعلوم ذرائع سے آنے والے اربوں روپے کا حساب نہیں دے سکتا وہ آٹے چینی اور دال کے بھاؤ پر شور مچا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر شہباز شریف کو پاکستانی قوم سے ذرہ برابر بھی ہمدردی ہے تو وہ قوم کے لوٹے گئے اربوں ڈالر پاکستان واپس لانے پر توجہ دیں۔

انہوں نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ عمران خان نے دونوں شاہی خاندانوں کی حکمرانی خطرے میں ڈال دی ہے۔ دونوں جماعتیں کسی بھی قیمت پر اپنا تخت واپس حاصل کرنا چاہتی ہیں۔حسان خاور نے کہا کہ اپنے اقتدار کے آخری دنوں میں زرمبادلہ کے ذخائر بے دردی سے لٹانے والے آج پوچھ رہے ہیں کہ ڈالر کی قیمت اوپر کیوں جا رہی ہے۔ یہ تو الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے والی بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اور آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات جس نہج پر ہیں اس سے یہ بات صاف ظاہر ہے کہ حکومت عوام کے لیے آسانیا ں پیدا کرنے کی خاطر جدو جہد کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چینی کی فراہمی کے سلسلے میں حکومت کے حالیہ اقدامات سے اپوزیشن کو یہ فکر لاحق ہو گئی ہے کہ چینی کی قیمت کم ہونے کے نتیجے میں ان کے پاس چیخ و پکار کرنے کا کوئی جواز باقی نہیں رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے تمام تر ہنگامے اور شورشرابے کا ایک ہی مقصد ہے کہ کسی نہ کسی طرح ان کے ماضی کے قومی جرائم پر پردہ پڑا رہے اور ملکی معیشت کو داؤ پر لگانے کے سلسلے میں ان کے کارنامے عوام کی نظروں سے اوجھل رہیں۔ حسّان خاور نے کہا کہ جمہوریت کے نام پر موروثی اقتدار کو تسلسل دینے والی دونوں جماعتیں عمران خان سے خوف زدہ ہیں۔ کیونکہ عمران خان نے سیاست میں ان کی اجارہ داری کو پاش پاش کر دیا ہے۔ حسان خاور نے اپوزیشن لیڈر کو مشورہ دیا کہ وہ پرائس کنٹرول کے سلسلے میں حکومت پنجاب کے اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے پروٹوکول کے حصار سے باہر نکلیں اور بازاروں میں جا کر قیمتیں کنٹرول کرنے کے معاملے میں حکومت کی کوششوں کے بارے میں براہ راست آگاہی حاصل کریں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں