جنرل ہسپتال انتظامیہ کا ڈینگی سے آگاہی کیلئے پبلک سروس میسج کا آغا ز

وائرس کی علامات بارے شعور اجاگر کرنا وقت کا اہم ترین تقاضا ہے ‘ پرنسپل پی جی ایم آئی دور جدید میں سوشل میڈیا کا انتہائی موثر کردار،اس سہولت سے شہریوں کو جلد از جلد معلومات مل جاتی ہیں‘پروفیسر الفرید ظفر

بدھ 20 اکتوبر 2021 19:24

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2021ء) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے کہا کہ ڈینگی سے محفوظ رہنے کیلئے عوامی شعور اور آگاہی موثر ہتھیار ہے اس بیماری سے بچاؤ کیلئے بھرپور آگاہی مہم چلانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس مقصد کے پیش نظر رکھتے ہوئے پی جی ایم آئی کے ہیلتھ ایجوکیشن پروگرام کے تحت ڈینگی سے محفوظ پنجاب یقینی بنانے کیلئے پبلک سروس میسج کا آغاز کر دیا ہے ۔

اس سلسلے میںشہری جنرل ہسپتال کی ویب سائٹ lgh.punjab.gov.pk اور www.facebook.com/lghlahore پر رابطہ کرسکتے ہیں۔اس پبلک میسج میں ڈینگی وائرس کی علامات ،احتیاطی تدابیر ،ڈینگی سے بچاؤ اور اس کے علاج کی مکمل معلومات تفصیل کے ساتھ درج کی گئی ہیں ۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹرسردار محمد الفرید ظفرکا کہنا تھا کہ یہ ایس ایم ایس طب سے وابستہ افراد کے علاوہ سول سوسائٹی و میڈیا ، میڈیکل سٹوڈنٹس اور پیرا میڈیکل سٹاف کو بھجوائے جا رہے ہیں تاکہ وہ یہ پیغام عام لوگوں تک پہنچا سکیں ۔

انہوں نے کہا کہ آج کل کے ترقی یافتہ دور میں سوشل میڈیا انتہائی موثر کردار ادا کر رہا ہے اور اس سہولت سے شہریوں کو جلد از جلد معلومات مل جاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا انتہائی ضروری ہے بالخصوص گھروں میں صفائی ستھرائی اور نکاسی آب کو یقینی بنانے کے علاوہ کوڑا کرکٹ کو بھی فوری تلف کرنا چاہیے ۔پرنسپل نے کہا کہ پنجاب حکومت ڈینگی کے مرض پر قابو پانے کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے جنہیں پورا کرنے کیلئے پی جی ایم آئی /اے ایم سی ایل جی ایچ کی انتظامیہ تمام وسائل بروکار لائے گی ۔انہوں نے کہا کہ وائرس کی علامات کے بارے میں شعور اجاگر کرنا وقت کا اہم ترین تقاضا ہے اور یہ پبلک سروس میسج اس ضمن میں اہم کردار ادا کرے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں