ْمہنگائی کے خلاف (آج ) لاہور سمیت پورے صوبے میں ا حتجاجی مظاہرے کئے جائینگے ‘محمد جاوید

قوم کوخود داری کا سبق پڑھانے والے کشکول لے کر آئی ایم ایف کے چکر لگا رہے ہیں ‘جماعت اسلامی پنجاب وسطی

جمعرات 21 اکتوبر 2021 14:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2021ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ڈالر 174روپے سے تجاوز کر چکا ہے جبکہ سونے کی قیمت بھی ایک لاکھ 22ہزار روپے فی تولہ ہو گئی ہے۔ غریب عوام جو دو وقت کی روٹی باعزت کما نہیں سکتے، ان کے لیے بیٹیوں کی شادی بیاہ کے موقع پر زیورات بنانا بھی ممکن نہیں رہا۔

مہنگائی نے عوام کو خودکشی پر مجبور کر دیا ہے ۔ظالمانہ مہنگائی کے خلاف آج بروز ( جمعہ ) کو لاہور سمیت پورے صوبے میں بھر پور احتجاجی مظاہرے کریںگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی نے عملاً غریب عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ ایک طرف عوام بد حال ہیں جبکہ دوسری طرف حکمران بڑے قابل فخر انداز قوم کو یہ بھی نوید سنارہے ہیں کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات کامیاب ہو نگے۔

(جاری ہے)

جو وزیر اعظم عمران خان آئی ایم ایف کے پاس جانے کی بجائے خود کشی کو ترجیح دینے کی باتیں کرتے تھے ، آج وہی آئی ایم ایف، ورلڈ بینک اور دیگر عالمی مالیاتی اداروں کے سامنے کشکول لیے پھرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معروف بین الاقوامی جریدے ’’ دی اکانومسٹ‘‘ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان دنیا کے چوتھا مہنگا ترین ملک بن چکا ہے۔ 43ممالک میں ارجنٹائن پہلے، ترکی دوسرے ، برازیل تیسرے اور پاکستان چوتھے نمبر پر ہے۔ عوام کا معیار زندگی بہت بری طرح متاثر ہوا ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں ڈالر39.9فیصد اور پٹرول کی قیمت میں44.68فیصد اضافہ ہوا ہے۔مئی سے اب تک پاکستانی روپیہ 12فیصد تک گر چکا ہے اور یہ سلسلہ مسلسل جاری ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں