مہنگائی عالمی مسئلہ، اپوزیشن اپنی سیاسی بقا کیلئے سڑکوں پر اچھل کود کررہی ہے،رہنما پی ٹی آئی ہمایوں اختر خان

جمعرات 21 اکتوبر 2021 15:08

مہنگائی عالمی مسئلہ، اپوزیشن اپنی سیاسی بقا کیلئے سڑکوں پر اچھل کود  کررہی ہے،رہنما پی ٹی آئی ہمایوں اختر خان
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2021ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنماو سابق وفاقی وزیر ہمایوں اخترخان نے کہا ہے کہ اپوزیشن مہنگائی کی آڑ میں اپنی سیاسی بقا کیلئے سڑکوں پر اچھل کود کے پروگرام ترتیب دے رہی ہے ،عوام با شعور ہیں اور وہ جانتے ہیں کہ ماضی کے نام نہاد تجربہ کاروں نے معیشت کے ساتھ کیا کھلواڑ کیا جس کاخمیازہ آج بھگتنا پڑرہا ہے ،پٹرولیم مصنوعات اور اشیائے خوردونوش  کی قیمتوں میں اضافہ عالمی رجحان ہے لیکن حکومت عوام کو اس کے اثرات سے بچانے کیلئے دن رات کوشاں ہے اوراب  قیمتیں بتدریج نیچے آئیں گی ۔

  ان خیالات کا اظہار انھوں نے پارٹی رہنمائوں کے وفد سے ملاقات میں کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پٹرولیم سمیت دیگر اشیا درآمدکرتا ہے جو بالواسطہ مہنگائی میں اضافے کا سبب  ہیں  لیکن اس کے باوجود حکومت نے اب تک عوام کو ہر ممکن حد تک عالمی مہنگائی کے اثرات سے بچایا ہوا ہے، حکومت نے آنے والے دنوںمیں اہل گھرانوں تک ٹارگٹڈ سبسڈی کے ذریعے اشیائے ضروریہ کی مزید امدادی نرخوں پر فراہمی کو یقینی بنانے کامنصوبہ بنایا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اپنی سیاست کیلئے صرف منفی پراپیگنڈے پر انحصار کر رہی ہے لیکن عوام ان کے نرغے میں نہیں آئیں گے بلکہ مثبت کی بجائے منفی کردار ادا کرنے پر ان کا محاسبہ کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران نے جن مشکلات میں پاکستان کی کشتی کو منجدھار سے نکالا ہے عالمی ادارے بھی اس کے معترف ہیں،نظام کودرست کرنے کیلئے ڈھانچہ جاتی اصلاحات کو بھی سراہا جارہا ہے جس سے نظام کوپائیدار بنیادیں میسر آئیں گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں