محتسب پنجاب کی ہدایت پر صوبہ بھر کے تعلیمی اداروں میں نا بینا طالبعلموں کو بریل کتب فراہم کی دی گئیں

جمعہ 22 اکتوبر 2021 17:18

لاہور۔22اکتوبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2021ء) :محتسب پنجاب میجر (ر) اعظم سلیمان خان کی ہدایت پر سیکرٹری سپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے سرکاری اداروں اور بریل پرنٹنگ پریس سے الحاق شدہ اداروں کے ساتھ ساتھ صوبے بھر کے پرائیوٹ تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم نا بینا طلبا کو بریل بکس فراہم کرنے پر عملدرآمد کر دیا ہے۔

سیکرٹری سپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے محتسب پنجاب کو پیش کی گئی تعمیلی رپورٹ کے مطابق بہاولپور ڈویژن میں 801،راولپنڈی ڈویژن میں 430، لاہور ڈویژن میں 387، سرگودھا ڈویژن میں 356، ساہیوال ڈویژن میں 269، ملتان ڈویژن میں 197، فیصل آباد ڈویژن میں 103اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں 53بریل کتب فراہم کی گئیں۔ مزید براں سروے کے مطابق دیگر نا بینا زیر تعلیم طلبا کو88کتب کی فراہمی ممکن بنائی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اس فیصلے کے تحت مزید زیر تعلیم نا بینا طلبا کی معلومات موصول ہونے پر ان طالبعلموں کو بھی بریل کتب فراہم کر دی جائیں گی۔تفصیلات کے مطابق ضلع جھنگ کے گورنمنٹ بوائز سیکنڈری سکول ریل بازار میں زیر تعلیم کلاس نہم (آرٹس) کے دو نابینا طلبا نے بریل کتب کی فراہمی کے لئے درخواست دی تھی جس پر محتسب پنجاب اعظم سلیمان خان نے سیکرٹری سپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو ہدایات جاری کی تھیں کہ نا صرف مذکورہ زیر تعلیم طلبا بلکہ صوبہ بھر کے تعلیمی اداروں میں نابینا طلبا کے لئے بریل کتب کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں