26اکتوبر کو اسلام آباد دھرنا دینے جارہے ہیں ،حکومت تحریری معاہدوں کے باوجود ان کا پاس نہیں کررہی ‘نعیم میر

حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے ہر طبقہ احتجاج کرنے پر مجبور ہے ،حکومت مہنگائی خود کر کے تاجروںکا چہرہ مسخ کرتی ہے‘ پریس کانفرنس

ہفتہ 23 اکتوبر 2021 23:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2021ء) آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی سیکرٹری جنرل نعیم میر نے کہا ہے کہ تاجروں نے نا مساعدحالات اور خوف کے سائے میں اجلاس منعقدکیا،تاجر برادری مصیبت اور پریشانی میں ہے اور چاہتے ہیں اس سے نجات ملے ،ہم نے تاجر وں کے حقوق کے لیے آواز اٹھانی ہے ،26اکتوبر کو اسلام آباد دھرنا دینے جارہے ہیں ،حکومت اپنی یقین دہانی، تحریری معاہدوں کے باوجود ان کا پاس نہیں کررہی ۔

اجلاس کے بعد ملک بھر سے آئے تاجر رہنمائوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومتی وزیر میڈیا پر آکر بیان دیتے ہین اور پھر مکر جاتے ہیں ،آج بھی جوتنظیم احتجاج کر رہی ہے وہ تحریری معاہدہ پورا نہ ہونے کی وجہ سے ہے تو آپ خون بہا رہے ہیں ،آپ کی پالیسیوں کی وجہ سے ہر طبقہ احتجاج کرنے پر مجبور ہے ،دوسال قبل جنہوں نے معاہدوں پر دستخط کیے ان وزرا ء کوعہدوں سے ہٹا دیا ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ پراپرٹی ٹیکس کے معاملے پر بھی ابھی تک کویی فیصلہ نہیںہوا ،پراپرٹی ٹیکس کی شرح کو پرانی شرح پر بحال کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی تھی ،آپ نے کہا کہ ایف بی آر قابل اصلاح ادارہ ہے اور پھر آپ اسے بے پناہ اختیار دے دیتے ہیں،انہیں یہ بھی اختیار دے دیا کہ کسی کے بھی اکائونٹ سے جو چاہے جب چاہے جتنے مرضی پیسے نکال لیں، ان کا طریقہ واردات کیا ہے ہمیںسب پتہ ہے ،ایف بی آر کو ہمارا مدد گار بنانے کی بجائے اس کے ہاتھ میں کوڑے دے کر تھانے دار بنا دیا ہے، کیا کوئی ملک ایسے چل سکتا ہے کہ ریاست اور تاجر آمنے سامنے آجائیں،تاجر کا چہرہ مسخ اور اسے زلیل و رسوا کیا جارہا ہے ،مافیاز جو آپ کے دائیں بائیں بیٹھے ہیں وہ مہنگائی کا سبب ہیں اور آپ تاجر کو مہنگائی کا ذمہ دار کہتے ہیں ۔

انہوںنے کہا کہ ڈالر ،شرح منافع ، بجلی ،گیس، پیٹرول کی قیمتیں کیا تاجر طے کرتا ہی ،ایک طرف آپ ٹیکس عائد کرکے ڈیوٹیز بڑھاتے ہیں اور مہنگائی کا الزام تاجر پر لگا دیتے ہیں ،ہمارے کاروبار تباہ کردئیے ہیں ،ان میں تسلسل نہیں آرہا ،ملک میں آگ لگی ہے اور آپ باہر دورے کررہے ہیں ،یہ سلسلہ کب تک چلے گا ۔ انہوںنے کہاکہ ہم مہنگائی زدہ ترین ہوچکے ہیںاور سمجھ نہیں آرہی یہ سلسلہ کہاںرکے گا ،کوئی بھی چیز اس وقت کنٹرول میں نہیں ہے ،جب سے یہ حکومت آئی ہے انہوں نے ہمیں ہی تنگ کیا ہے اور کوئی فائدہ نہیں دیا،ہم دھرنا دینے جارہے ہیں جو کسی صورت نہیںرکے گا، جہاں رکاوٹ آئے گی اس شہر میں احتجاج شروع کردیںگے ، کیا ریاست یہ سمجھ رہی ہے کہ اس پرامن احتجاج کو نظر انداز کردیا جائے، جو ٹیکسز ہم پہلے اور اب دے چکے ہیں پہلے اس پر آپ تسلیم کریںکے ہم دوہری ٹیکسیشن کررہے ہیں ،سیلز ٹیکس عوام نے دینا ہے ،حکومت صاف بات کرے اور ذمہ داری لے، پاکستان کے عوام کو تاجروں پر کوئی شکایت نہیں ہونی چاہیے، ہمارے چہرے مسخ نہ کریں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں