-سراج الحق کی اپیل پر مہنگائی کے خلاف ہفتہ احتجاج کا سلسلہ جاری ہے، محمد جاوید قصوری

سبزی منڈی بادامی باغ میں ٹرک ڈرائیوروں سے بھتہ وصول کرنے کی خبروں پر فوری نوٹس لیا جائے عوام اپنے مسائل کے حل کے لئے آئندہ انتخابات میں جماعت اسلامی کا ساتھ دیں،جماعت اسلامی پنجاب وسطی

اتوار 24 اکتوبر 2021 18:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اکتوبر2021ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا کہ مہنگائی نے ہر طبقے کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ اشیاء خوردونوش کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔ جماعت اسلامی مہنگائی،بے روزگاری، لاقانونیت اور عوام کو درپیش دیگر مسائل کے حل کے لیے بھر پور انداز میں آواز اٹھا رہی ہے۔

امیر جماعت اسلامی سرا ج الحق کی اپیل پر ہفتہ احتجاج کا سلسلہ جاری ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مہنگائی کے خلاف ہفتہ احتجاج کے حوالے سے منعقدہ مختلف تقریبات سے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ سبزی منڈی بادامی باغ لاہور میں صوبے کے دور دراز علاقوں سے سبزیاں اور پھل لے کر آنے والے ٹرک ڈرائیوروں سے بھتہ وصول کرنے کی شکایات مل رہی ہیں۔

(جاری ہے)

ٹرک ڈرائیور سراپا احتجاج ہیں ،مگر مجال ہے کہ صوبائی حکومت یا کسی اور ادارے کے کانوں پر جوں تک بھی رینگتی ہو۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس حوالے سے مکمل تحقیقات کی جائیں اور متاثر ین کی لوٹی ہوئی رقم واپس دلوائی جائے۔ یہ پورا نظام مافیا کے کنٹرول میں ہے۔ بھتہ دیے بغیر تاجروں کو کاروبار کرنے کی اجازت نہیں۔ محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ مہنگائی اور بے روزگاری کے حوالے سے ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق ،عام آمدنی والے افرادکے لیے مہنگائی میں 15.72فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔

آٹے اور پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوںمیں اضافے سے عوام کی زندگی اجیرن ہوچکی ہے۔ کتنی بد قسمتی کی بات ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت ساڑھے تین برس میں اپنی معاشی ٹیم نہیں بناسکی ہے۔ وزیرا عظم سمیت حکومتی کسی وزیر مشیر کو عوامی تکالیف کا احساس نہیں۔ان کی کارکردگی محض اخبارات تک محدود ہو کر رہ گی ہے۔ مسائل سے نجات کے لیے عوام آئندہ انتخاب میں صرف جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔

لاہور شہر میں شائع ہونے والی مزید خبریں:

Your Thoughts and Comments