31 اکتوبر اسلام آباد ڈی چوک میں مہنگائی کے خلاف بیروزگار نوجوانوں کا مارچ حکومت مخالف تحریک میں شدت کا نقطہ آغاز ہو گا ،سراج الحق

د* امریکہ کو فضائی حدود دی گئی تو قوم کسی صورت قبول نہیں کرے گی۔ وزیراعظم کے ''قیمیتیں بڑھتی ہیں تو حکمران چور ہوتا ہی'' کے فارمولے کو سامنے رکھا جائے تو اس وقت ملک میں چوروں کی نہیں ڈکیتوں کی حکومت ہے [پیٹرول مافیا، بجلی مافیا، گیس مافیا، آٹا مافیا،چینی مافیا، ملک پر مافیاؤں کا قبضہ ہے، اکثر ان میں حکومتی صفوں میں بیٹھے ہیں ۷جماعت اسلامی کرپٹ مافیا کے خلاف پانامالیکس اور پینڈورا پیپرز پر سپریم کورٹ جائے گی اب ملک بھر کے چوکوں اور چوراہوں میں عوام کی عدالت میں حکومت کے ظالمانہ اقدامات کے خلاف سماعت ہو گی حکومت فوری بلدیاتی انتخابات کروائے ،امیر جماعت اسلامی

اتوار 24 اکتوبر 2021 19:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اکتوبر2021ء) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ 31 اکتوبر اسلام آباد ڈی چوک میں مہنگائی کے خلاف بیروزگار نوجوانوں کا مارچ حکومت مخالف تحریک میں شدت کا نقطہ آغاز ہو گا ۔امریکہ کو فضائی حدود دی گئی تو قوم کسی صورت قبول نہیں کرے گی۔ وزیراعظم کے ''قیمیتیں بڑھتی ہیں تو حکمران چور ہوتا ہی'' کے فارمولے کو سامنے رکھا جائے تو اس وقت ملک میں چوروں کی نہیں ڈکیتوں کی حکومت ہے۔

پیٹرول مافیا، بجلی مافیا، گیس مافیا، آٹا مافیا،چینی مافیا، ملک پر مافیاؤں کا قبضہ ہے، اکثر ان میں حکومتی صفوں میں بیٹھے ہیں۔جماعت اسلامی کرپٹ مافیا کے خلاف پانامالیکس اور پینڈورا پیپرز پر سپریم کورٹ جائے گی اب ملک بھر کے چوکوں اور چوراہوں میں عوام کی عدالت میں حکومت کے ظالمانہ اقدامات کے خلاف سماعت ہو گی حکومت فوری بلدیاتی انتخابات کروائے ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ورکرز کنونشن سے نائب امیر میاں محمد اسلم، امیر صوبہ پنجاب شمالی ڈاکٹر طارق سلیم ، صدر جے آئی یوتھ زبیر گوندل ، امیر ضلع اسلام آباد نصراللہ رندھاوا اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ورکرز کنونشن رات دیر تک جاری رہا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔سراج الحق نے کہا کہ ملک میں عملی طور پر مافیاز اور آئی ایم ایف کی حکومت ہے مہنگائی ، بے روزگاری اور کرپشن نے عوام سے جینے کا حق چھین لیا ہے بلندبانگ دعوے کرنے والے وزیراعظم نے آئی ایم ایف کے سامنے سرنڈر کرنے پر خود تو خودکشی نہیں کی، مگر غریب عوام کو اس پر مجبور کیا جا رہا ہے۔

ہر چیز کی قیمت میں مسلسل اضافہ غریب لوگوں کے لیے قیامت صغری کے مترادف ہے حکومت فوری طور پر قیمتوں میں اضافہ واپس لے۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ماہ ربیع الاول کا تقاضا ہے کہ حضورنبی کریم ﷺ کے پیغام کو دنیا کے کونے کونے میں پہنچایا جائے اورپاکستان میں نظام مصطفی ﷺ کے نفاذ کے لیے جدوجہد کی جائے۔ محمد مصطفی ﷺ پوری کائنات کے لیے رحمت تھے، ان کا پیغام انسانیت کو درپیش مسائل کا حل ہے۔

جماعت اسلامی ملک میں نظام مصطفی کا نفاذ چائتی ہے اسی میں ہم سب کی نجات ہے افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ حکومتی نمائندے دن رات جھوٹ کے علاوہ اور کچھ بھی نہیں کر رہے۔بعد ازاں لاہور میں وحدت امت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ فرعونی نظام کیخلاف اٹھ کھڑے ہونے کا وقت آگیاہے، آج دنیا میں اسلامی نظام کے نفاذ کی ضرورت ہے۔

پانامہ کیس کے دوران ایک سوگیارہ دن تک کسی وکیل کی زبان پربسم اللہ نہیں سناہے جامعتہ العروة الوثقی سے علامہ سید ضیااللہ شاہ بخاری ، ڈاکٹر مفتی راغب نعیمی، قبلہ ایاز اورمیزبان سیدجوادنقوی نے بھی خطاب کیا۔سراج الحق نے کانفرنس کو ایک احسن قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہا کہ آج اللہ کی رسی قرآن کو مضبوطی سے پکڑنے اور امت کے تمام مسلک کو اکٹھا کرنے کی اہم ضرورت ہے،کچھ سیاسی جماعتوں میں تمام مسالک اکھٹے ہیں لیکن دینی جماعتوں میں ایسا نہیں ہے، ہم نے قرآن پر ایمان لایا اور قرآن کا فیصلہ ہے جو اللہ کے فیصلوں پر عمل نہیں کرتے وہ کامیاب نہیں ہوسکتے۔

اعلی عدلیہ میں دنیا بھر کی کتابیں تھیں لیکن قرآن نہیں تھا۔امیرجماعت اسلامی نے کہاسود حرام ہے لیکن ملک میں سودی نظام چل رہا ہے۔ اس فرعونی نظام کیخلاف کھڑے ہونے کا وقت آ گیاہے، آج دنیا میں اسلامی نظام کے نفاذ کی ضرورت ہے مغرب ہمارے خاندانی نظام پر حملہ آور ہے دینی جماعتوں کو ان سازشوں کا مقابلہ کرنا ہو گا ۔امیر جماعت نے کہا کہ شریعت سے متصادم قانون سازی کی مذمت کرتے ہیں کوئی بھی مسلمان یہ برداشت نہیں کرتا کہ ملک میں قرآن و سنت کے علاوہ کوئی قانون ہو حکومت کو ایسے تمام قوانین واپس لینے ہونگی

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں