مون سون شجرکاری مہم اپنے کامیاب اختتام کی جانب گامزن ہے‘ سبطین خان

محکمہ جنگلات سرسبز پنجاب کے خواب کی تکمیل کیلئے بھرپور کردار ادا کر رہا ہے‘ وزیر جنگلات

بدھ 27 اکتوبر 2021 22:54

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اکتوبر2021ء) صوبائی وزیر جنگلات سبطین خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کی دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے اور وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر محکمہ جنگلات کی ترقیاتی سکیموں پر کام کی رفتار تیز کی جا رہی ہے۔ گذشتہ روز فاریسٹ کمپلیکس میں مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کی مانیٹرنگ روزمرہ بنیادوں پر کی جا رہی ہے جبکہ مون سون شجرکاری اہداف کا حصول ہر قیمت پر یقینی بنایا جا رہا ہے۔

سبطین خان نے کہا کہ مون سون شجرکاری مہم اپنے کامیاب اختتام کی جانب گامزن ہے جبکہ ڈی ایف اوز کو موسم بہار کی شجرکاری مہم کی تیاریوں کیلئے لائحہ عمل طے کرنے کی ہدایات بھی دے دی گئی ہیں۔ وزیر جنگلات نے مزید کہا کہ وزیر اعظم پاکستان جنگلات کا تحفظ یقینی بنانے اور شہری آبادیوں میں شجرکاری کے ذریعے جنگلات کے پھیلا بارے خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں محکمہ جنگلات اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔ سبطین خان نے کہا کہ وہ دن قریب ہے جب صوبے میں سرسبز ماحول پروان چڑھے گا اور عوام کو ماحولیاتی آلودگی سے نجات ملے گی۔ اس موقع پر انہوں نے عوامی وفود، ذرائع ابلاغ، فلاحی تنظیموں اور علما کرام سے اس ضمن میں کردار ادا کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے گھروں، محلوں میں شجرکاری کریں اور اپنے اپنے پلیٹ فارم سے لوگوں کو شجرکاری کی جانب راغب کریں تاکہ ہماری آنے والی نسلوں کو صاف ماحول میسر آئے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور شہر میں شائع ہونے والی مزید خبریں:

Your Thoughts and Comments