لاہور ، اللہ تعالیٰ کی مدد و نصرت ، کارکنان اور اسلامیان پاکستان کی طاقت سے ملک کو قرآن و سنت کا گہوارہ بنائیں گے، راشدنسیم

جمعرات 28 اکتوبر 2021 00:07

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 اکتوبر2021ء) نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مدد و نصرت ، کارکنان اور اسلامیان پاکستان کی طاقت سے ملک کو قرآن و سنت کا گہوارہ بنائیں گے۔ مہنگائی، بدامنی، بے روزگاری کا خاتمہ کر کے پاکستان کو ترقی کی شاہراہ پر ڈالنا جماعت اسلامی کی سیاسی جدوجہد کا مقصد ہے۔ وہ منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکاسے خطاب کر رہے تھے۔

تربیت گاہ میں ضلع شرقی کراچی کے کارکنان شریک تھے۔ امیر ضلع شرقی کراچی کے امیر شاہد ہاشمی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ راشد نسیم نے کہا کہ ملک پردہائیوں سے حکومت کرنے والی تینوں نام نہاد بڑی جماعتیں دولت اور خفیہ طاقتوں کے بل بوتے پر اقتدار میں آتی ہیں۔ ملک پر مسلط ان جماعتوں نے اداروں کو تباہ کیا اور عوام کو مہنگائی اور بے روزگاری کے تحائف دیے۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی اپنے کارکنوں کی مدد سے پاکستان میں اسلامی نظام نافذ کرے گی اور ملک کو مسائل کی دلدل سے نکالا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی مددونصرت ہو تو دنیاوی بتوں کی کوئی حیثیت نہیں۔ افغانستان میں ایمان کی طاقت سے مجاہدین نے سپرطاقت کو شکست دے دی۔ فلسطین کے عوام محدود وسائل کے باوجود اسرائیل کے سامنے سینہ سپر ہیں اور وہ دن دور نہیں جب فلسطین آزاد ہو گا۔ انھوں نے کہا کہ کشمیر ی عوام نے بھی بھارت کے ظلم و استبداد کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے۔ اللہ تعالیٰ حق کو غالب کرے گا اور باطل کو شکست ہو گی۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان کو عظیم فلاحی اسلامی ریاست بنائے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں