کارکردگی پر موازنے پر (ن)کے پاس آئیں بائیں شائیں کے علاوہ کوئی دلیل نہیں ہوتی‘ حسان خاور

مسلم لیگ (ن)نے اپنے دور اقتدار میں تین طرفہ پالیسی سے عوام کو گمراہ کیے رکھا‘ ترجمان پنجاب حکومت

جمعرات 28 اکتوبر 2021 00:16

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اکتوبر2021ء) معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب برائے اطلاعات و ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے کہا ہے کہ جب بھی پاکستان مسلم لیگ (ن)کی موجودہ حکومت کی کارکردگی سے موازنے کی بات آتی ہے تو آئیں بائیں شائیں کے علاوہ ان کے پاس کوئی دلیل نہیں ہوتی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر کھیل و امور نوجوانان رائے تیمور بھٹی کے ہمراہ نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)نے اپنے دور اقتدار میں تین طرفہ پالیسی سے عوام کو گمراہ کیے رکھا۔ اس تین طرفہ گمراہ کن گورننس کا پہلا ستون فوٹو شوٹ پالیسی تھا جس کے مطابق (ن)لیگ نے ان پراجیکٹس پر پیسہ لگایا جہاں تصویریں زیادہ بنائی جا سکیں۔

(جاری ہے)

تین سو ارب ایک 27 کلومیر کی سڑک پر لگا کر 11 کروڑ کے صوبے کو خشک سالی کا شکار کروا دینا کہاں کی عقلمندی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ ن لیگی گورننس کا دوسرا ستون ساری توجہ تخت لاہور پر مرکوز کر کے دیگر اضلاع اور علاقوں کو نظر انداز کرنا تھا۔ اس کے برعکس پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے پورے پنجاب کی عوام سے وفا کرتے ہوئے شاندار ڈسٹرکٹ ڈیویلپمنٹ پیکج متعارف کروایا۔ ن لیگی پرفارمنس کا تیسرا ستون منصوبوں میں سائز اور سکیل کے معاملے میں سائز کو فوقیت دینا تھا جس کے باعث ان منصوبوں کے دور رس نتائج نہ مل سکے۔

انہوں نے محکمہ کھیل کی کارکردگی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ستر کی دہائی میں شروع کیا جانے والے باکسنگ ایرینا میں آج پانی کھڑا ہے جبکہ 1993 میں شروع کیا جانے والا سکواش کمپلیکس آج بھی نامکمل ہے۔ یہ دونوں منصوبے پاکستان تحریکِ انصاف کی موجودہ حکومت میں دوبارہ شروع کیے گئے ہیں۔ حسان خاور نے کہا کہ خراب کارکردگی کی ایسی لاتعداد داستانیں موجود ہیں جن کا مداوا موجودہ حکومت بخوبی کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے کرونا کے دوران نامساعد معاشی حالات کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ آج ترقی یافتہ ممالک پاکستان کی پالیسیوں سے سیکھنا چاہ رہے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں