عمران خان نے ماضی کے حکمرانوں کی طرح ڈنگ ٹپائو پالیسی کی بجائے پائیدار ترقی کیلئے اصلاحات کے مشکل ہدف پر پیشرفت کی‘ جمشید چیمہ

لند ن اور رائیونڈ کا بیانیہ مسلم لیگ (ن) کو ہڑ پ کر جائے گا ‘ حلقہ این اے 133میں خطاب،اکابرین کا تحریک انصاف کی حمایت کا اعلان

جمعرات 28 اکتوبر 2021 16:21

عمران خان نے ماضی کے حکمرانوں کی طرح ڈنگ ٹپائو پالیسی کی بجائے پائیدار ترقی کیلئے اصلاحات کے مشکل ہدف پر پیشرفت کی‘ جمشید چیمہ
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اکتوبر2021ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و حلقہ این اے 133سے امیدوار جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے ماضی کے حکمرانوں کی طرح ڈنگ ٹپائو پالیسی کی روایت کو آگے بڑھانے کی بجائے ملک کی پائیدار ترقی کیلئے اصلاحات کے مشکل ہدف پر پیشرفت کی ہے ،موجودہ حکومت بھی مسلم لیگ (ن) کی طرح معیشت پر کاسمٹیکس کا لیپ کر سکتی تھی لیکن اس کا خمیازہ ملک اور قوم کو بھگتناپڑنا تھا،لند ن اور رائیونڈ کا بیانیہ مسلم لیگ (ن) کو ہڑ پ کر جائے گا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے 133کی انتخابی مہم کے سلسلہ میں مختلف مقامات پر کارنر میٹنگز سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر حلقے کے اکابرین نے تحریک انصاف کی بھرپور حمایت کا اعلان بھی کیا ۔

(جاری ہے)

جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کے درست سمت میں گامزن ہونے کے حوالے سے عالمی اداروںکی رپورٹس موجود ہیں لیکن اس کے باوجودحزب اختلاف کی جماعتیں میں نہ مانوں کی رٹ لگائے ہوئے ہیں ۔

تین سالوں میںحزب اختلاف نے ملک و قوم کو درپیش چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لئے کوئی تجاویز نہیںدیں بلکہ منفی پراپیگنڈا کیا جاتا رہا ۔ عوام اب با شعور ہو چکے ہیں اور ضمنی انتخاب میں کارکردگی کی بنیاد پر انشا اللہ تحریک انصاف کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت نے جدید پاکستان کی بنیاد رکھ دی ہے اور انشااللہ اب دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو معاشی طور پر ٹیک آف کرنے سے نہیں روک سکتی ۔انہوںنے کہا کہ نواز شریف کے بیانیے پر ان کی جماعت کے اندر مختلف آراء پائی جاتی ہے اورلندن اور رائے ونڈ بیانیہ کے پلڑے میں وزن ڈالنے والوںکی تعداد نہ ہونے کے برابر ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں