ایمرجنسی سروسزاکیڈمی میں خیبرپختونخوا ہ کے 377 ریسکیورز کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا انعقاد

ہفتہ 27 نومبر 2021 19:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 نومبر2021ء) ریسکیو 1122 خیبرپختونخواہ کے دیگر اضلاع میں ریسکیو سروس کے قیام کیلئے تربیت یافتہ 377 ریسکیورز کی پاسنگ آؤٹ پریڈ ایمرجنسی سروسز اکیڈمی لاہور میں منعقد ہوئی۔ ایمرجنسی سروسز اکیڈمی کے 36ویں بنیادی ریسکیو کورس کے خیبرپختونخواہ کیڈٹس نے اپنی تربیت کی تکمیل پر پاسنگ آؤٹ پریڈ میں حصہ لیا۔

صوبائی وزیر برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹمیاں خالد محمود، وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کے معاون خصوصی برائے صنعت و تجارت عبدالکریم خان نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں ڈی جی پنجاب ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر، ڈی جی ریسکیو 1122 خیبرپختونخواہ ڈاکٹر ایاز، سیکرٹری برائے ریلیف یوسف رحیم، ریسکیو ہیڈ کوارٹرز اور ایمرجنسی سروسز اکیڈمی کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

بڑی تعداد میں ریسکیورز، ان کے والدین واہل خانہ اور دوستوں نے بھی تقریب میں شریک تھے۔استقبالیہ خطاب میں ڈی جی ریسکیو پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر نے 377 پاس آؤٹ ریسکیورز سے حلف لیا اور انہیں پیشہ ورانہ تربیت کی کامیابی سے تکمیل اور اس زندگیاں بچانے والی سروس کا حصہ بننے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیورز ریسکیو آپریشنز میں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے اور ایمرجنسی متاثرین کو بلا تفریق فوری ریسکیو سروسز فراہم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ریسکیو سروس نے اکتوبر 2004 میں اپنے آغاز سے لے کر اب تک ایک کروڑسے زائد حادثات کے متاثرین کوسروسزفراہم کی ہیں۔ ریسکیو فائر سروس نے 1لاکھ72ہزار سے زائد آتشزدگی کے حادثات کو بروقت رسپانڈ کیا اور جدید خطوط پر پیشہ ورانہ فائر فائٹنگ کے ساتھ 518ارب روپے سے زائد مالیت کے ممکنہ نقصانات کو بچایا۔ ایمرجنسی سروسز اکیڈمی نے اپنے قیام کے بعد سے پاکستان کے تمام صوبوں کے لیے 21ہزار سے زائد ایمرجنسی اہلکاروں کو تربیت دی ہے۔

پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ جیسی زندگیاں بچانے والی سروس کے ماڈل کی طرزپر حکومت پنجاب کے ذریعے دیگر صوبوں کوایمرجنسی سروس کے قیام کیلئے تکنیکی معاونت بھی فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب ایمرجنسی سروسزاکیڈمی کے پاس جنوبی ایشیا ء میں اپنی پہلی اقوام متحدہ کی انسراگ کلاسیفائیڈ ٹیم ہے جو بین الاقوامی معیار کے مطابق قومی اور بین الاقوامی سطح پرآفات وسانحات کو رسپانڈ کرنے کیلئے تیا رہے جو پوری قوم کے لیے باعث فخر ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے وزیر میاں خالد محمود نے پاس آؤٹ ہونے والے ریسکیورز اور ریسکیو کیڈٹس کے اہل خانہ کو خصوصی تربیت کے اختتام پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب خوش ہے کیونکہ دیگر صوبوں میں ریسکیو سروسز بھی انسانیت کی خدمت کر رہی ہیں جبکہ ایمرجنسی سروسزاکیڈمی انہیں زندگی بچانے کی تربیت دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں ایمرجنسی سروس کو بہترین وسائل فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 کیلئے جلد ہی ایئر ایمبولینس سروس فراہم کی جائے گی جو دور دراز اور دشوار گزار علاقوں میں رہنے والے لوگوں کے لیے امید کی کرن ثابت ہو گی۔ انہوں نے ریسکیو 1122 پنجاب کو سرچ اینڈ ریسکیوکے شعبے میں اقوام متحدہ کی انسراگ سرٹیفیکیشن بھی حاصل کرنے پر سراہا۔

صوبائی وزیر نے تمام ریسکیورز کی جانب سے فراہم کی جانے والی ریسکیو خدمات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پاس آئوٹ ہونے والے ریسکیورزبھی ریسکیو آپریشز میں اپنے فرائض پورے جوش و جذبے کے ساتھ انجام دیں گے تاکہ ایمرجنسی متاثرین کو احساس تحفظ دلایا جا سکے۔ انہوں نے خیبرپختونخواہ کے کیڈٹس کو پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے پر ڈی جی پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر کی قیادت میں اکیڈمی کے انسٹرکٹرز اور اس کی پوری انتظامیہ کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواہ کے معاون خصوصی برائے کامرس اینڈ انڈسٹری عبدالکریم خان نے پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس، ان کے والدین، دوستوں اور خاندان کے افراد کو خصوصی تربیت کی تکمیل پر مبارکباد دی۔ انہوں نے ریسکیو 1122 پنجاب کی طرف سے پنجاب میں حادثات کے ایک کروڑسے زائد متاثرین کو ریسکیو کرنے، ایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں پاکستان کے تمام صوبوں کے 21ہزار سے زائد ایمرجنسی اہلکاروں کو تربیت فراہم کرنے اور سرچ اینڈ ریسکیو کے شعبے میں اقوام متحدہ کی انسراگ سرٹیفیکیشن حاصل کرنے پر سراہا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ ریسکیورز ایمرجنسی متاثرین کواحساس تحفظ دلانے کیلئے اپنے فرائض پورے جوش و جذبے کے ساتھ انجام دیں گے۔ انہوں نے ریسکیو سروس خیبرپختونخواہ کو ایمرجنسی سروسز اکیڈمی کے ذریعے تربیت اور تکنیکی مدد فراہم کرنے پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب ریسکیو سروس کے ذریعے بڑے بھائی کا کردار موثر انداز میں ادا کر رہا ہے جس نے بالآخر بہت سی قیمتی جانیں بچانے میں مدد کی ہے۔ انہوں نے خیبرپختونخواہ کے کیڈٹس کو پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے پر ڈی جی پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر کی قیادت میں اکیڈمی کے انسٹرکٹرز اور اس کی پوری انتظامیہ کو بھی سراہا۔

اس موقع پر سیکرٹری ریلیف خیبرپختونخواہ یوسف رحیم، ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122خیبرپختونخواہ ڈاکٹر ایاز نے بھی خطاب کیا۔قبل ازیں پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس نے گہرائی سے ریسکیوکرنے، واٹر ریسکیو، فائر فائٹنگ، اربن سرچ اینڈ ریسکیو، تنگ جگہوں اور بلندوبالا عمارتوں سے ریسکیو کی فرضی مشقوں کے دوران ایمرجنسی مینجمنٹ کی پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔ آخر میں مہمان خصوصی نے پریڈ کا معائنہ کیا اور36ویں ریسکیوکورس میں نمایاں کارکردگی کے حامل کیڈٹس کو انعامات سے نوازا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں