آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان کا صوبہ بھر میں دھاتی دوڑ، پتنگیں بنانے، فروخت اور استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کرنے کا حکم

لاہور، شیخوپورہ، راولپنڈی، ملتان، فیصل آباد اور گوجرانولہ سمیت بڑے شہروں میں خصوصی آپریشن لانچ: آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان -آئندہ جس علاقے سے پتنگ اڑانے اور شہری کے زخمی ہونے کا واقعہ سامنے آیا وہاں فیلڈ افسران کے ساتھ سپروائزری افسران کو بھی جواب دینا ہوگا: آئی جی پنجاب

اتوار 28 نومبر 2021 20:00

ٌلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 نومبر2021ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے صوبے کے تمام اضلاع میں دھاتی ڈوراور پتنگوں کی تیاری، خریدو فروخت اور استعمال کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کریک ڈاؤن شروع کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ انہوں نے تمام آر پی اوز، ڈی پی اوز کو ہدایت کی ہے کہ صوبہ بھر میں پتنگ اور دھاتی ڈور کی تیاری، استعمال اور خریدو فروخت میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے سپیشل اسکوارڈز تشکیل دئیے جائیں جن کی کاروائیوں کی رپورٹس باقاعدگی سے سنٹرل پولیس آفس بھجوائی جائیں۔

راؤ سردار علی خان نے لاہور شالیمار ٹاؤن میں ڈور سے شہری کے جاں بحق ہونے کے افسوسناک واقعہ پر متعلقہ ایس ایچ او کو معطل کر دیا گیا ہے۔آئی جی پنجاب نے مزیدکہاکہ آئندہ جس علاقے سے پتنگ اڑانے اور شہری کے زخمی ہونے کا واقعہ سامنے آیا وہاں فیلڈ افسران کے ساتھ سپروائزری افسران کو بھی جواب دینا ہوگا۔

(جاری ہے)

راؤ سردار علی خان نے کہاکہ لاہور، شیخوپورہ، راولپنڈی، ملتان، فیصل آباد اور گوجرانولہ سمیت بڑے شہروں میں خصوصی آپریشن لانچ کیا جائے۔

آئی جی پنجا ب نے کہا کہ تفریح کے نام پرخطرناک کھیل سے شہریوں کی جانیں خطرے میں ڈالنے والے ملزمان کسی رعائیت کے مستحق نہیں، کائٹ فلائنگ ایکٹ پر عمل در آمد کو سختی سے یقینی بنایا جائے۔ راؤ سردار علی خان نے کہاکہ والدین اپنے بچوں کو اس خونی کھیل سے روکیں، ورنہ سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے شہریوں سے درخواست ہے کہ پتنگ بازی کرنے والوں کے خلاف 15 پر کال کرکے پولیس کو اطلاع کریں تاکہ اس خطرناک کھیل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے سخت سے سخت سزائیں دلوائی جاسکیں

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں