ن*الیکشن کمیشن نے این اے 133 میں ووٹ خریدنے سے متعلق ویڈیوکا نوٹس لے لیا،رپورٹ طلب

اتوار 28 نومبر 2021 20:15

ی لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 نومبر2021ء) الیکشن کمیشن نے لاہور کے حلقہ این اے 133 میں ضمنی الیکشن سے قبل مبینہ طور پر ووٹ خریدنے سے متعلق ویڈیو کانوٹس لے لیا۔ریٹرننگ افسر نے ڈپٹی کمشنر لاہور اور آئی جی پنجاب پولیس کو مراسلہ بھیج کر 30 نومبر تک معلومات طلب کرلیں، اس سلسلے میں چیئرمین نادرا اور چیئرمین پیمرا کو بھی مراسلہ بھیجا گیا ہے۔

مراسلے میں کہا گیا ہیکہ سوشل میڈیا اور ٹی وی چینلز پر ویڈیو گردش میں ہے، ویڈیو میں ووٹرز میں پیسے تقسیم اور حق میں ووٹ دینیکا حلف لیا جارہا ہے، ڈی سی لاہور اور آئی جی پولیس ویڈیوکا فارنزک کرائیں اور صداقت معلوم کریں۔ریٹرننگ افسر نے ہدایت کی ہے کہ ڈی سی لاہور اور آئی جی ویڈیو میں موجود افراد کی شناخت کرائیں اور ویڈیو میں موجود افراد کا مکمل بائیو ڈیٹا فراہم کریں، اس عمارت کی بھی شناخت کریں جہاں یہ غیرقانونی اقدام ہوا اور غیرقانونی حرکات میں ملوث شخص کو گرفتارکریں۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 133 میں ہونے والے ضمنی الیکشن سے قبل سیاسی جماعتوں کی جانب سے ووٹرز سے قرآن پاک پر حلف لیکر ووٹ خریدنے کے الزامات سامنے آئے ہیں۔ مسلم لیگ ن کے کارکن محمد عارف نے الیکشن کمیشن کو تحریری شکایت درج کرائی ہے جس میں کہا گیا ہیکہ پیپلزپارٹی والے حلقے میں ووٹوں کی خریداری کر رہے ہیں۔محمد عارف کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ پیپلز پارٹی کے امیدوار حلف لیکر ووٹر کو 2 ہزار روپے دے رہے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں