24 گھنٹوں میںصوبہ بھر سے کورونا کے 64 نئے کیسز سامنے آئے ‘ سیکرٹری صحت

صوبہ بھر میں کورونا کے کیسز کی کل تعداد 443,024 ہو گئی ‘عمران سکندر بلوچ

منگل 30 نومبر 2021 00:26

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 نومبر2021ء) صوبائی سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈسیکنڈری ہیلتھ کیئر عمران سکندر بلوچ نے کہاہے کہ محکمہ صحت کے مؤثراقدامات کے باعث پنجاب میں کورونا وائرس کے کیسز میں واضح کمی ہوگئی ہے۔کورونا کیسز میں مزید کمی لانے کیلئے مختلف سیکٹرز کیلئے اسپیشل ایس او پیز جاری کر دیئے گئے ہیں- عمران سکندر بلوچ نے کہاکہ تمام شہری خاص طور پر کورونا کی مکمل احتیاط کو یقینی بنائیں۔

ہم صرف ویکسی نیشن اوراحتیاط کے ذریعے ہی کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روک سکتے ہیں- 12 سال سے زائد عمر کے تمام افراد کوویکسین لگانے کی پوری کوشش کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر سے کورونا کے 64 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ صوبہ بھر میں کورونا کے کیسز کی کل تعداد 443,024 ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

اب تک صوبہ بھر میں 424,832 مریض سرکاری ہسپتالوں سے علاج کے بعد مکمل صحت یاب ہو کر اپنے گھروں کو واپس جاچکے ہیں۔

صوبہ بھر میں کورونا کے ایکٹو کیسز کی کل تعداد 5,176 ہوچکی ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر میں کورونا کے باعث 3 شہری جان کی بازی ہارچکے ہیں۔ گزشتہ روز کورونا وائرس کے باعث لاہور، فیصل آباداور سیالکوٹ سے 1 ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے۔ صوبہ بھر میں کوروناکے باعث اموات کی کل تعداد 13,016 ہو چکی ہے۔ صوبائی سیکرٹری صحت نے کہاکہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 14,018 تشخیصی ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔

صوبہ بھر میں کورونا کے اب تک مجموعی طور پر 8,357,535 تشخیصی ٹیسٹ کئے جاچکے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور میں کورونا کے 43 جبکہ راولپنڈی سے 6 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر کے تمام شہروں میں کورونا کے مثبت کیسز کی مجموعی شرح 0.5فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔ لاہور میں مثبت کیسز کی شرح 1.2 فیصد ریکارڈکی گئی ہے۔ فیصل آباد میں کورونا وائرس کی مثبت شرح 0.4 فیصد جبکہ راولپنڈی میں 0.6فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔

ملتان میں کورونا وائرس کی 0.6 اور گوجرانولہ میں 0.1 فیصد مثبت شرح ریکارڈ کی گئی ہے۔ صوبائی سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے مزیدکہاکہ شہری کورونا کے خلاف خصوصی حفاظتی تدابیر اختیار کرکے خود کو محفوظ بنائیں۔ بلاضرورت گھر سے باہر نکلنے اور پر ہجوم اجتماعات میں جانے سے مکمل گریز کریں - سماجی فاصلے اور ماسک کے استعمال کوہرصورت یقینی بنائیں۔

12 سال سے زائد عمر کے تمام شہری کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لازمی اور فوری لگوائیں۔ عمران سکندر بلوچ نے کہاکہ تمام ویکسی نیشن مراکز پر ویکسین وافر مقدار میں موجود ہے۔ ریچ ایوری ڈورویکسی نیشن مہم کے پہلے مرحلے کے دوران پنجاب کی ایک کروڑچالیس لاکھ سے زائد آبادی کوویکسین لگاچکے ہیں۔ عوام کسی بھی قسم کی رہنمائی یا شکایات کے لئی1033 پر رابطہ کرسکتے ہیں

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں