عالم اسلام کے مسائل کے حل کیلئے پاکستان اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا‘ حافظ طاہر محمود اشرفی

افغان مسئلہ پر اوآئی سی وزرا ئے خارجہ کا خصوصی اجلاس بلائے جانے کا خیر مقدم کرتے ہیں‘ نمائندہ خصوصی

منگل 30 نومبر 2021 11:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 نومبر2021ء) عالم اسلام کے مسائل کے حل کیلئے پاکستان اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا، افغان مسئلہ پر اوآئی سی وزرا ئے خارجہ کا خصوصی اجلاس بلائے جانے کا خیر مقدم کرتے ہیں، فلسطین کی صورتحال تشویشناک ہے ، اسرائیل کے مکروہ عزائم کو روکنے کیلئے عالمی اور اسلامی دنیا کو فوری اقدامات اٹھانے ہوں گے۔

یہ بات چیئرمین پاکستان علما کونسل و نمائندہ خصوصی وزیر اعظم پاکستان برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے اپنے ایک بیان میں کہی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عالم اسلام کی عظیم قوت ہے ،پاکستان عالم اسلام کے مسائل پر خاموش نہیں رہ سکتا، پاکستان امت مسلمہ کے مسائل کا حل وحدت اور اتحاد کو سمجھتا ہے ، افغانستان کی صورتحال عالم اسلام اور عالمی دنیا سے فوری طورپر اقدامات اٹھانے کا تقاضہ کرتی ہے ، سرد موسم میں افغانستان میں انسانی المیہ پیدا ہو سکتا ہے ، مملکت سعودی عرب کی طرف سے او آئی سی وزرا ئے خارجہ کا خصوصی اجلاس بلانے کا فیصلہ وزیر اعظم عمران خان اور سعودی عرب کے ولی عہد امیر محمد بن سلمان کی باہمی مشاورت کا نتیجہ ہے ، پاکستان اس اجلا س کی میزبانی کے ساتھ اس کا بھرپور خیر مقدم کرنے کا اعلان کرتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ افغانستان کی صورتحال پر ریاست پاکستان کے تمام ذمہ داران اپنا کردار ادا کر رہے ہیں، افغانستان کے امن کو پاکستان کا امن سمجھتے ہیں، پاکستان کی عسکری ، سیاسی قیادت کا موقف واضح ہے کہ افغان عبوری حکومت سے دنیا کو بات چیت کر کے راستہ نکالنا چاہیے ۔ اس اہم مرحلہ میں افغانستان اور افغانستان کی عوام کو تنہا نہیں چھوڑنا چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ او آئی سی وزرا ئے خارجہ کے خصوصی اجلاس کے سلسلہ میں پاکستان کی وزارت خارجہ ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی سربراہی میں تمام اسلامی ممالک کے ذمہ دارن سے رابطہ میں ہے ، عالم اسلام اور عالمی دنیا افغان صورتحال پر پاکستان کے مثبت کردار کے معترف ہیں۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ اسرائیل کے بعض ذمہ داران مسلمانوں کے مقدسات اور فلسطین کے حوالہ سے جو غیر ذمہ دارانہ رویہ اپنائے ہوئے ہیں وہ قابل مذمت اور قابل افسوس ہے ، پاکستان اور اہل پاکستان اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہے اور ایک آزاد خود مختار فلسطینی ریاست کا قیام جس کا دارالخلافہ القدس شریف ہو و ہی مسلم امہ کا متفقہ فیصلہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے غاصبانہ اور ظالمانہ اقدامات کی وجہ سے خطہ کے امن کو خطرات لاحق ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کے مسئلہ پر موجودہ حالات میں مملکت سعودی عرب نے جو موقف اپنایا ہے وہی امت مسلمہ کی ترجمانی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں