ملک و قوم کو درپیش مسائل سے صرف جماعت اسلامی کی محب وطن قیادت ہی نکال سکتی ہے‘ جاوید قصوری

لاہور سمیت پور ا صوبہ لاقانونیت کی بھینٹ چڑھ چکا ہے، وزیر اعلیٰ کی گڈ گورننس نظر نہیں آتی‘ امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب

منگل 30 نومبر 2021 16:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 نومبر2021ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ ملک و قوم کو درپیش مسائل سے صرف اور صرف جماعت اسلامی کی صالح اور باکردار پڑھی لکھی اور محب وطن قیادت ہی نکال سکتی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان اور ان کی پوری ٹیم نا اہلوں کا ٹولہ ہے جس کو ملک و قوم کو درپیش حقیقی مسائل کا ٹھیک طرح سے ادراک ہی نہیںہے۔

دوست ممالک بھی ناراض ہیں جس کا واضح ثبوت ،ایک دوست عرب ملک کی طرف سے 3.8فیصدمنافع پر ادھار تیل اور 4فیصد منافع پر مالی سپورٹ کا معاہدہ ہے جوکہ سخت ترین ہے ، حکومت پاکستان اگر سود ادا نہیں کرتی تووہ پاکستان کو ڈیفالٹر ڈیکلیئر کر سکتا ہے ۔ سرمایہ کار پاکستان آنے سے گھراتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لاہور سمیت پورا صوبہ لاقانونیت کی بھینٹ چڑھ چکا ہے۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی گڈ گورننس محض اخباری بیانات کی حد تک محدود ہو کر رہ گئی ہے۔ صوبائی انتظامیہ کو کسی کا کوئی ڈر ،خوف نہیں اور وہ کسی کے سامنے بھی خود کو جواب دہ نہیں سمجھتی ہے ۔ صوبے میں جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا قانون رائج ہے۔ ڈکیتی، راہزنی ، چوری اور قتل و غارت کی وارداتوں میں ہو شر با اضافہ ہوچکا ہے۔

لوگوں کو دن دیہاڑے لوٹ لیا جاتا ہے اور انھیں کسی قسم کا کوئی تحفظ نہیں حاصل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو درپیش مسائل میں دن بدن اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے۔ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والا ہر شخص سراپا احتجاج ہے۔ مگر حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے پاکستان کی عزت و وقار اور سلامتی کو خطرات سے دوچار کردیا ہے۔ خود انحصاری، خود مختاری اور عزت کا درس دینے والے آج خود ہی کشکول لے کر دنیا بھر میں گھوم رہے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں