پنجاب کے وزیر ہائوسنگ سے چیئرمین پی ایچ اے لاہور کی ملاقات، جیلانی پارک میں لگنے والی سالانہ گل داؤدی نمائش کے حوالے سے بریفنگ دی

جمعرات 2 دسمبر 2021 16:07

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2021ء) پنجاب کے وزیر ہائوسنگ ملک اسد کھوکھر سے چیئرمین پی ایچ اے لاہور انجینئر یاسر گیلانی نے پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کے آفس میں ملاقات کی اورانہیں جیلانی پارک میں لگنے والی سالانہ گل داؤدی نمائش کے حوالے سے بریفنگ دی۔ وزیر ہاوسنگ نے گل داودی نمائش میں شہریوں کیلئے بہترین انتظامات کی ہدایت کی۔

انہوں نے محکمانہ امور کی انجام دہی میں کمپیوٹرائزڈ سسٹم کے استعمال اور آٹومیشن کی ضرورت پربھی زور دیا اور کہا کہ مالی امور میں مکمل شفافیت کیلئے آٹومیٹڈ سسٹم انسٹال کیا جائے۔ صوبائی وزیر نے لاہور میں مزید میاواکی جنگل اگانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کو فضائی آلودگی سے پاک کرنے کیلئے مزید جنگلات لگائے جائیں تاکہ لوگوں کو صاف ماحول ملے۔

(جاری ہے)

پنجاب کے مختلف شہروں میں پلاننگ کے ساتھ میاواکی جنگلات لگائے جارہے ہیں۔گلشن اقبال پارک میں 50کنال پر لگنے والے میاواکی جنگل میں 56 ہزار250 مقامی درخت لگائے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میاواکی جنگل کاربن کو سب سے زیادہ جذب کرتا ہے اور ماحولیاتی آلودگی تیزی سے کم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے پاکستان کو آلودگی سے پاک بنانے کا عزم کیا ہے۔ آنے والی نسلوں کو ایک صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے میں کامیاب ہوں گے۔ صوبائی وزیر نے غیر قانونی تشہیری بورڈز کے خلاف آپریشن جاری رکھنے کی ہدایت بھی کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں