قلعہ کہنہ پر آنیوالے زائرین کے وضو کا پانی زیر زمین ذخیرہ کرکے پی ایچ اے کو استعمال کرنے کیلئے فراہم کیا جائے گا،ڈپٹی کمشنر

جمعرات 2 دسمبر 2021 17:30

لاہور۔2دسمبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی - اے پی پی ۔ 02 دسمبر2021ء) :ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا ہے کہ پانی کے ضیاع کو روکنے کیلئے شہر اولیا میں منفرد منصوبہ کا آغاز کردیا گیا ہے اس منصوبے کے تحت قلعہ کہنہ اور درباروں پر وضو کیلئے استعمال شدہ پانی کو ذخیرہ کرکے شجرکاری اور پودے سیراب کرنے کیلئے استعمال کرنے کا آغاز کردیا گیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز قلعہ کہنہ پر درباروں کے درمیان قائم وضو خانے اور پانی کے انڈور واٹر ٹینکس کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد عرفان نے منصوبے کے حوالے سے بریفنگ بھی دی ۔ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ عرس مبارک اور عام دنوں میں قلعہ کہنہ پر آنیوالے زائرین کے وضو کا پانی زیر زمین ذخیرہ کرکے پی ایچ اے کو استعمال کرنے کیلئے فراہم کیا جائے گا تاکہ شجرکاری اور دربار سے ملحقہ گرین بیلٹس کو سیراب کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ زیرزمین ٹینک میں بیک وقت 7 ہزار گیلن واٹر سٹوریج کی گنجائش موجود ہے جہاں سے پی ایچ اے واٹر ٹینک کے ذریعے پانی حاصل کرکے استعمال کرے گا۔انہوں نے مزید بتایا کہ وضو کے پانی کو فلٹر کر کے سٹوریج کیا جائے گا۔ زیر زمین پانی لیول برقرار رکھنے کیلئے بھی یہ منصوبہ اہم ہے۔عامر کریم خاں نے کہا کہ مذکورہ منصوبہ ورلڈ وائڈ فنڈ کے تعاون سے مکمل کیا گیا ہے جبکہ نئے ملینیم گولز پراجیکٹ میں اس منصوبے کا اگلا فیز بھی شامل ہے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں