لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سموگ کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے عبوری حکم جاری کر دیا

7دسمبر سے موٹر وے پر ایم ٹیگ کے بغیر گاڑیوں کا داخلہ بند کر دیا جائے، عدالت

جمعہ 3 دسمبر 2021 21:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 دسمبر2021ء) لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سموگ کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے عبوری حکم جاری کر دیا ہے، عدالتی فیصلے کے مطابق 7دسمبر سے موٹر وے پر ایم ٹیگ کے بغیر گاڑیوں کا داخلہ بند کر دیا جائے، حکم نافذ العمل ہوتے ہی موٹر وے پر صرف ایم ٹیگ والی گاڑیاں چلیں گی۔ جس کے تحت لاہور ہائی کورٹ نے موٹر وے پر بغیر ایم ٹیگ کے گاڑیوں کا داخلہ ممنوع قرار دیتے ہوئے حکم دیا ہے کہ موٹر وے پولیس گاڑیوں پر سفر کرنے والے ڈرائیورز کی سہولت کے لئے خصوصی کائونٹر قائم کرے جہاں سے معیار پر اترنے والی گاڑیاں ایم ٹیگ کی خریداری کر سکیں، عبوری حکم میں عدالت عالیہ نے شہریوں کو 7 دسمبر تک کی مہلت دیتے ہوئے ایم ٹیگ خریدنے کا حکم دیا ہے اور 7 دسمبر کے بعد بغیر ایم ٹیگ کے گاڑیوں کو موٹر وے پر ممنوع قرار دے دیا ہے، عبوری حکم کے مطابق بغیر ایم ٹیگ کے گاڑیاں دھواں پھیلانے کا باعث بن رہی ہیں، اس فیصلے سے سموگ کی شدت میں نمایاں کمی واقع ہو گی۔

(جاری ہے)

عبوری حکم میں عدالت عالیہ نے لاہور سمیت پنجاب بھر میں بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑیاں چلانے پر پابندی عائد کر دی ہے اور ڈرائیونگ لائسنس کے بغیر گاڑی چلانے کے مرتکب شہریوں کو 2 ہزار روپے جرمانہ مقرر کر دیا ہے، عبوری حکم میں عدالت عالیہ نے لارڈ میئر بلدیہ عظمیٰ لاہور کو شہر بھر سے تجاوزات کے خاتمہ کا بھی حکم جاری کیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ لارڈ میئر لاہور شہر سے تجاوزات کے خاتمے کے لئے ضروری اقدامات اٹھائیں، عبوری حکم میں لارڈ میئر لاہور کو سڑکوں کے دونوں اطراف کچے حصوں پر ٹائلیں لگانے کا بھی حکم جاری کیا ہے۔

واضح رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے شہر بھر کی سڑکوں پر ون وے کی خلاف ورزی کی صورت میں گاڑیوں اور موٹر سائیکل ڈائیورز کو 2 ہزار روپے جرمانہ کرنے کا بھی حکم جاری کر رکھا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں