پیپلزپارٹی،عوامی تحریک اور مجلس وحدت المسلمین کی مہنگائی اور بیروزگاری کیخلاف حلقہ این اے 133میںریلی

رہنمائوں اور کارکنوں کی کثیر تعداد کی شرکت ، الیکشن کمیشن کے نوٹس پر پولیس اہلکار ریلی کوروکنے کیلئے پہنچ گئے پیپلز پارٹی کاریلی ختم کرنے سے انکار ،پولیس کی کوششوںکے باوجود ریلی جاری رکھی گئی ،مقررہ مقامات سے گزرکر اختتام پذیر ہوئی پیپلز پارٹی کے کارکنوںکی تحریک انصاف کے دفتر کے سامنے آتش بازی، ٹریفک کا نظام درہم برہم رہا،کارکنوںکے قیادت کے حق میں نعرے بڑے فخر سے کہہ سکتا ہوں پیپلز پارٹی پرانے رنگ میں نکلی ہے،پیپلز پارٹی کی طاقت کا کسی کو اندازہ ہی نہیں تھا‘راجہ پرویز اشرف کا خطاب جلسے اور کامیاب ریلی سے ثابت ہو گیا لاہور (ن) لیگ سے چھن گیا ،شہر لاہور کو پیغام مل گیا ہے شریفوں کا دورگزر گیا‘خرم نواز گنڈا پور

ہفتہ 4 دسمبر 2021 00:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 دسمبر2021ء) پاکستان پیپلزپارٹی،عوامی تحریک اور مجلس وحدت المسلمین نے مہنگائی اور بیروزگاری کے خلاف حلقہ این اے 133میںریلی نکالی جس میں رہنمائوں اور کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ، الیکشن کمیشن کے نوٹس پر پولیس اہلکار ریلی کوروکنے کیلئے پہنچ گئے تاہم پیپلز پارٹی نے ریلی کو ختم کرنے سے انکار کر دیا ،پولیس کی کوششوںکے باوجود ریلی جاری رکھی گئی جو اپنے مقررہ مقامات سے گزرنے کے بعد اختتام پذیر ہوئی ،پیپلز پارٹی کے کارکنوںنے تحریک انصاف کے دفتر کے سامنے پہنچ کر شدید آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا ، ریلی کی وجہ سے مختلف شاہراہوںپر ٹریفک کا نظام معطل رہا اور گاڑیوں کی قطاریں لگی رہیں،کارکنا ن ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے ہوئے قیادت کے حق میں نعرے لگاتے رہے ۔

(جاری ہے)

مختلف مقامات پر خطاب کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ بڑے فخر سے کہہ سکتا ہوں پیپلز پارٹی پرانے رنگ میں نکلی ہے،پیپلز پارٹی کی طاقت کا کسی کو اندازہ ہی نہیں تھا،5دسمبر کو جیالے تیر کو ہتھیار کے طور پر استعمال کریں گے،بلاول بھٹو نے تمام جیالوں کو مبارکباد اور شاباش دی ہے،جیالوں ،اپنی ٹیم،عہدیداروں اور کارکنوں کا شکر گزار ہیں،یقین ہے پانچ دسمبر کو تیر پر مہریں لگا کر اکھٹے جشن منائیں گے۔

راجہ پرویز اشر ف نے کہاکہ جو کہتے ہیں پنجاب میں پیپلز پارٹی کمزور ہے ،وہ یہاں آ کر دیکھیں ،ہم ہر سیٹ پر مخالفین کو شکست دیںگے،انشا اللہ جیت ہماری ہو گی۔راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ اللہ کی مہربانی اور عوام کی طاقت سے اسلم گل کامیابی کی طرف بڑھ رہے ہیں۔آصف زرداری نے پیغام دیا ہے کہ پیپلز پارٹی پوری شان کے ساتھ باہر آ چکی ہے،منہاج القرآن اور عوامی تحریک قیادت کے شکر گزار ہیں۔

عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ جلسے اور کامیاب ریلی سے ثابت ہو گیا کہ لاہور (ن) لیگ سے چھن گیا ہے،شہر لاہور کو پیغام مل گیا ہے کہ شریفوں کا دورگزر گیا،ان مستقبل پیپلز پارٹی کا ہے۔عوامی تحریک کھل کر پیپلز پارٹی کے ساتھ کھڑی ہے۔حسن مرتضی نے کہا کہ لاہور کے نہتے جیالوں اور عوامی تحریک کے ساتھیوں نے ثابت کر دیا کہ لاہور ان کا ہے۔

یہاں 35برس تک عوام کے حقوق کا سودا کرنے والوںکو ووٹر پانچ دسمبر کو مسترد کر دیں گے۔اسلم گل نے کہا کہ جیالوں اور جیالیوں نے ثابت کر دیا کہ 70کی بھٹو واپس آ چکی ہے،داتا کی نگری پیپلز پارٹی کے ساتھ ہے،بلاول بھٹو زرداری اور آصف زرداری کو مبارک دیتے ہیں۔انشا اللہ آج کی طرح 5دسمبر کو بھی جیت کا جشن منائیں گے۔قبل ازیں پیپلز پارٹی کی ریلی پیکو روڈ سے راجہ پرویز اشرف ،حسن مرتضی ،خرم نواز گنڈا پور اوراسلم گل کی قیادت میں پیکو روڈ سے 3گھنٹے کی تاخیر سے روانہ ہو ئی،ریلی میں قمر زمان کائرہ ،چودھری یاسین ،چودھری منظور ،عثمان ملک،علی بدر،شہلا رضا ،ثمینہ خالد گھرکی ،سونیا خان،فائزہ ملک سمیت پارٹی رہنمائوں اور کارکنوںکی کثیر تعداد شریک تھی۔

کارکنان سارے راستے اپنی قیادت کے حق میں او رحکومت کے خلاف نعرے لگاتے رہے۔مہنگائی اور بیروز گاری کے خلاف ریلی 133 کا چکر لگا کر باگڑیاں چوک پر ختم ہوئی ۔

لاہور شہر میں شائع ہونے والی مزید خبریں:

Your Thoughts and Comments