نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ کی جنرل کونسل کا متفقہ طور پر قائداعظمؒ اوپن یونیورسٹی کے قیام کا اصولی فیصلہ

ہفتہ 4 دسمبر 2021 21:27

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 دسمبر2021ء) نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ کی جنرل کونسل نے متفقہ طور پر قائداعظمؒ اوپن یونیورسٹی کے قیام کا اصولی فیصلہ کر لیا۔ اجلاس کے شرکاء نے پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات سارا سال جاری رکھنے کی منظوری دیتے ہوئے حکومت پاکستان سے بھی مطالبہ کیا کہ سرکاری سطح پر یہ تقریبات بھرپور جوش و جذبے سے منائی جائیں۔

شرکائے اجلاس نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مشاہیر تحریک آزادی کے تصروات کے عین مطابق پاکستان کو ایک جدید اسلامی جمہوری فلاحی مملکت بنانے کیلئے کاوشیں جاری رکھی جائیں گی۔ نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ کے بورڈ آف گورنرز کا14واں اور جنرل کونسل کا23واں سالانہ اجلاس ایوان قائداعظمؒ ، جوہر ٹائون لاہور میں وائس چیئرمین میاں فاروق الطاف کی صدارت میں بالترتیب منعقد ہوا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ٹرسٹ کے چیئرمین و سابق صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد رفیق تارڑ، سینیٹ کی دفاعی کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر مشاہد حسین سید، سابق وزیر خزانہ سرتاج عزیز اور بزرگ مسلم لیگی رہنما راجہ ظفر الحق نے آن لائن شرکت کی جبکہ اس موقع پر سابق ممبر قومی اسمبلی و سرپرست نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ بیگم مجیدہ وائیں، سابق چیف جسٹس وفاقی شرعی عدالت چیف جسٹس(ر) میاں محبوب احمد، سابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ چیف جسٹس(ر) اعجاز نثار، سینئر صحافی ودانشور مجیب الرحمن شامی، سینیٹ کی انسانی حقوق کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر ولید اقبال، لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم، معروف ادیبہ بیگم بشریٰ رحمن، ممتاز سیاسی و سماجی رہنما بیگم مہناز رفیع، سابق وفاقی وزیر چوہدری نعیم حسین چٹھہ، وزیراعظم ریاست جوناگڑھ صاحبزادہ سلطان احمد علی، معروف صنعتکار شاہد رشید بٹ، ڈائریکٹر جنرل یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی پروفیسر عابد شیروانی، صدر نظریہٴ پاکستان فورم کراچی رانا اشفاق رسول خان، صدر نظریہٴ پاکستان فورم آزاد کشمیر مولانا محمد شفیع جوش، صدر نظریہٴ پاکستان فورم میاں چنوں غزالہ شاہین وائیں، انجینئر محمد عارف شیخ، بیگم صفیہ اسحاق، پروفیسر ڈاکٹر پروین خان، اظہر مقبول شاہ ایڈووکیٹ، سیکرٹری نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ شاہد رشید موجود تھے۔

اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ تحریک پاکستان کے مخلص کارکن، سابق صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان و چیئرمین نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ محمد رفیق تارڑ نے اجلاس کے شرکاء سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو درپیش مسائل کے باوجود ہم روشن مستقبل کیلئے پُر امید ہیں۔ تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں ملکی تعمیروترقی کے ون پوائنٹ پر ایجنڈا پر متفق ہو جائیںاور اپنی یکجہتی کے ذریعے ملک دشمن قوتوں کو ناکام بنا دیں۔

بانئ پاکستان اور کارکنانِ تحریک پاکستان کے نظریات و تصورات کے مطابق اس مملکتِ خداداد کی تعمیر ایک مقدس مشن ہے اور ہم نے تہیہ کر رکھا ہے کہ اس مشن کو پایہٴ تکمیل تک پہنچا کر ہی دم لیں گے۔ نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ پر عوام کا اعتماد روزبروز مضبوط ہوتا جارہا ہے اور وہ بالخصوص نوجوان جوق در جوق اس نظریاتی قافلے کا حصہ بن رہے ہیں۔ یہ ادارہ دنیا بھر میں بسنے والے محب وطن پاکستانیوں کی امیدوں کا مرکز بن چکا ہے۔

میاں فاروق الطاف نے کہا کہ پاکستان دوقومی نظریہ کی بنیاد پر معرض وجود میں آیا۔ ہم پاکستان کے بنیادی نظریات کے تحفظ اور اس کی ترویج واشاعت کے ساتھ ساتھ پاکستان کو قائداعظم محمد علی جناحؒ کے افکارونظریات کے مطابق ایک جدید اسلامی جمہوری فلاحی ملک بنانے کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ یہ قومی نظریاتی ادارہ ترقی کی نت نئی منازل طے کررہا ہے اور اس ادارہ کی کاوشوں کے طفیل آج قوم کا ہر فرد اس نظریہ کے تحفظ کی بات کر رہا ہے۔

ہندوستان کے موجودہ حالا ت دوقومی نظریہ کی صداقت کی بہت بڑی دلیل ہے۔ مجیدہ وائیں نے کہا ہم نئی نسلوں کو نظریہٴ پاکستان سے آگاہ کررہے ہیں ۔نئی نسل ہی پاکستان کا مستقبل ہے اور انہوں نے کل ملک کی باگ ڈور سنبھالنی ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنی صفوں میں اتحاد و یکجہتی برقرار رکھیں اور دین و وطن دشمن عناصر پر کڑی نگاہ رکھیں۔چیف جسٹس(ر) میاں محبوب احمد نے کہا کہ آزادی اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہے اور ہمیں اسکی قدر کرنی چاہئے۔

پاکستان نظریاتی ملک ہے اور اس کی خاطر مسلمانان برصغیر نے بڑی قربانیاں دی ہیں۔پاکستان کو جدید اسلامی جمہوری فلاحی ملک بنانا ہمارا مشن ہے۔چیف جسٹس(ر) اعجاز نثار نے کہا کہ پاکستان عطیہٴ خداوندی ہے ، یہ ملک حاصل کرنے کیلئے ہمارے آباواجداد نے جان ومال کی لازوال قربانیاں پیش کیں۔ پاکستان کی تعمیروترقی کیلئے ہم میں سے ہر ایک کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہئے۔

سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا کہ نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ قائداعظمؒ، علامہ اقبالؒ ، مادرملتؒ کے افکارو نظریات سے پوری قوم کو آگاہ اور اہم قومی مسئلہ پر قوم کی رہنمائی کا فریضہ انجام دے رہا ہے۔ ہم اس عزم کا اظہار کرتے ہیں کہ اس کام کو مزید آگے بڑھائیں گے۔ راجہ ظفر الحق نے کہا کہ یہ ادارہ جن مقاصد کے حصول کیلئے قائم کیا گیا تھا یہ کماحقہ اپنا فریضہ انجام دے رہا ہے۔

نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ پوری قوم خاص طور پر نوجوان نسل کو پاکستان کے بنیادی نظریہ سے آگہی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ حصول پاکستان کی جدوجہد سے بھی آگاہ کر رہا ہے۔ مجیب الرحمن شامی نے نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ کی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ٹرسٹ اپنے مقاصد کے حصول کیلئے قابل قدر کام کر رہا ہے جس سے نظریہٴ پاکستان کی ترویج و اشاعت ہو رہی ہے۔

نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ مبارکباد کا مستحق ہے کہ وہ قوم کی نظریاتی تعلیم وتربیت کا فریضہ انجام دے رہا ہے۔ قائداعظمؒ، علامہ محمد اقبالؒ، مادرملت محترمہ فاطمہ جناحؒ و دیگر مشاہیر تحریک آزادی کی حیات وخدمات پر مبنی دستاویزی فلمیں بنائی جائیں۔ برادر اسلامی ملک بنگلہ دیش سے قریبی تعلقات قائم کرنے کیلئے بنگلہ زبان میں ویب سائٹ کا اجراء کیا جائے۔

سرتاج عزیز نے کہا قائداعظمؒ بیسویں صدی کے بہت بڑے لیڈر تھے۔جن لوگوں نے اس وقت قائداعظمؒ اور انکے نظریہ کی مخالفت کی وہ بھی آج اس نظریہ کی سچائی کا برملا اعتراف کر رہے ہیں۔ نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ اپنا کام بڑے احسن طریقے سے انجام دے رہا ہے۔سینیٹر ولید اقبال نے کہا آزاد وطن کے حصول کیلئے ہمارے بزرگوں نے بڑی قربانیاں دیںا ور مسلمانان برصغیر نے اس میں بھرپور حصہ لیا۔

نئی نسلوں کی نظریاتی تعلیم وتربیت کے ذریعے نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ ایک نہایت اہم فریضہ انجام دے رہا ہے۔ چوہدری نعیم حسین چٹھہ نے کہا کہ آج قائداعظمؒ اور قیام پاکستان کے مخالفین بھی دوقومی نظریہ کو درست تسلیم کر رہے ہیں۔یہ ادارہ قائداعظمؒ ، علامہ محمد اقبالؒ اور مادرملت محترمہ فاطمہ جناحؒ کے مشن کو آگے لیکر بڑھ رہا ہے اور ہم دامے درمے سخنے اس کے ساتھ ہیں ۔

ممتاز سیاسی و سماجی رہنما بیگم مہناز رفیع نے کہا قائداعظمؒ،علامہ محمد اقبال اورؒ مادرِ ملتؒ کے فرمودات ہر پاکستانی کیلئے مشعل راہ ہیں۔ ہم اپنے بچوں کو جو تعلیم دے رہے ہیں اس پر نظر ثانی کی ضرورت ہے۔ سائنس و ٹیکنالوجی کے علم کے حصول پر زور دینا ہو گا۔ بیگم بشریٰ رحمن نے کہا بدقسمتی سے نصاب تعلیم میں سے قائداعظمؒ ، علامہ محمد اقبالؒ، مادرملتؒ و دیگر مشاہیر تحریک آزادی کی حیات وخدمات کو نکال دیا گیا ہے اس کو نصاب تعلیم کا حصہ بنایا جائے ۔

پاکستان کی بنیاد دوقومی نظریہ ہے اور ہندوستان کے حالات اس نظریہ کی صداقت پر دلالت کرتے ہیں۔پروفیسر عابد شیروانی نے کہانظریہٴ پاکستان ٹرسٹ کے زیر اہتمام قائداعظمؒ اوپن یونیورسٹی کا قیام ایک مستحسن فیصلہ ہے۔ اس وقت ملک میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور ورچوئل یونیورسٹی اس لیول کی تعلیم دے رہی ہیں ۔قائداعظمؒ اوپن یونیورسٹی دوقومی نظریہ کے فروغ اور پاکستانیت کو اجاگر کرنے میں بڑی معاون ثابت ہو گی۔

شاہد رشید بٹ نے کہا کہ ہماری نئی نسل تحریک پاکستان کے مقاصد اور مشاہیر تحریک آزادی کی حیات وخدمات سے نا آشنا ہو رہی ہے۔ نصاب تعلیم میں سے یہ چیزیں نکالی جا رہی ہیں ۔ ایسے میں ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم نئی نسلوں کی نظریاتی تعلیم وتربیت پر بطور خاص توجہ دیں اور انہیں مشاہیر تحریک آزادی کی حیات و خدمات اور افکارونظریات سے آگاہ کریں۔

لیفٹیننٹ جنرل(ر) عبدالقیوم نے کہا کہ پاکستان ہماری جان، شان اور آن ہے۔ یہ ملک بڑی قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا ہمیں اس کی قدر کرنی چاہئے۔ آج قومی اتحاد ویکجہتی کی اشد ضرورت ہے۔ صاحبزادہ سلطان احمد علی نے کہا کہ ہم نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ کی قوم ساز سرگرمیوں کو سراہتے ہیں ۔ ملک میں بڑھتا ہوا تشدد کا رحجان قابل افسوس ہے۔ رواداری اور برداشت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

انجینئر محمد عارف شیخ نے کہا کہ کورونا وباء کے باوجود نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ نے اپنی سرگرمیوں کو جاری رکھا ہوا ہے جو اس ادارے سے وابستہ افراد کے جوش و جذبہ کی علامت اور ان کی کمٹمنٹ کا اظہارہے۔نظریہٴ پاکستان فورم کراچی کے چیف آرگنائزر رہنما رانا اشفاق رسول خان نے کہا کہ نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ لاہور سمیت ملک کے دیگر علاقوں میں اپنی نظریاتی سرگرمیوں کو فروغ دے رہا ہے ، کراچی میں بھی نظریاتی محاذ پر کام ہو رہا ہے۔

نظریہٴ پاکستان فورم آزاد جموں وکشمیر کے صدر اور کشمیری رہنما مولانا محمد شفیع جوش نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ، مقبوضہ وادی میں ظلم کی سیاہ رات بہت جلد ختم ہو جائے گی اور وہاں آزادی کا سورج طلوع ہو کر رہے گا۔کشمیری نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ کے شکر گزار ہیں کہ وہ ان کے حقوق کی آواز مسلسل بلند کر رہا ہے۔ ٹرسٹ کے سیکرٹری شاہد رشیدنے ٹرسٹ کی سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایک مقدس مشن کو لیکر آگے بڑھ رہے ہیں اور جذبہ پاکستانیت کو فروغ دے رہے ہیں۔

اجلاس کے دوران شہدائے تحریک پاکستان ، نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ و تحریک پاکستان ٹرسٹ کے وفات پا جانیوالے عہدیداران ،اراکین اور وابستگان کیلئے دعائے مغفرت کی گئی۔ دورانِ اجلاس گزشتہ اجلاس کی کارروائی کی توثیق ، گزشتہ کارکردگی رپورٹ کی توثیق بھی کی گئی۔ علاوہ ازیں ٹرسٹ کے بجٹ 2021-22ء ، آڈٹ رپورٹ 2020-21ء اور ٹرسٹ کے زیر اہتمام پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کے جامع پروگرام کو پیش کر کے اس کی منظوری حاصل کی گئی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں