ہائیکورٹ نے میڈیکل داخلوں کیلئے ایکولینس سرٹیفکیٹ فارمولا کیخلاف ابتدائی میرٹ لسٹیں روکنے کی متفرق درخواست مسترد کردی

جسٹس شمس محمود مرزا نے انٹر بورڈ کمیٹی آف چیئرمین کی جانب سے ایکولینس سرٹیفکیٹ کے اجرا ء کے طریق کار درست قرار دے دیا

ہفتہ 4 دسمبر 2021 22:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2021ء) لاہور ہائیکورٹ نے میڈیکل داخلوں کے لیے ایکولینس سرٹیفکیٹ فارمولا کے خلاف اور میڈیکل داخلوں کے لئے ابتدائی میرٹ لسٹیں روکنے کی متفرق درخواست مسترد کرتے ہوئے انٹر بورڈ کمیٹی آف چیئرمین کی جانب سے ایکولینس سرٹیفکیٹ کے اجرا ء کے طریق کار درست قرار دے دیا۔ لاہورہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے داخلے کے امیدوار محمد سلمان کی درخواست پر حکم جاری کیا۔

درخواست گزار کی جانب سے وفاقی حکومت ،یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز ،آئی بی سی سی سمیت دیگر کو فریق بناتے ہوئے میڈیکل داخلوں کیلئے آئی بی سی سی ایکولینس سرٹیفکیٹ فارمولاکالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی تھی ۔ درخواست میں موقف اختیار کیا کہ درخواست گزار نے او لیول ،اور اے لیول میں اے سٹار نمبرز حاصل کیے۔

(جاری ہے)

پورے پاکستان میں فزکس میں ٹاپ کیا۔

میڈیکل انٹری ٹیسٹ میں 210 میں سے 177 نمبر حاصل کیے۔۔نیشنل یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز اور آغا خان یونیورسٹی میں انٹری ٹیسٹ اعلی نمبر سے پاس کیے۔۔انٹر بورڈ کمیٹی آف چیئرمین نے ایکولینس فارمولا کے تحت 93 فیصد نمبرز کی حد مقرر کررکھی ہے۔پنجاب بھر کے بورڈز آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے ایف ایس سی کے طلبہ کو سو فیصد نمبر دیئے۔

پنجاب بھر میں میڈیکل کالجز میں سیٹسز کی تعداد تین ہزار پانچ سو ہے۔ایف ایس سی میں بورڈ ز کی جانب سے سو فیصد نمبرز دئیے جانے کی وجہ سے یہ تمام سیٹیں ایف ایس سی کے طلبہ حقدار ٹھہریں گے۔درخواست گزار سمیت اے لیول کرنے والے ہزاروں طلبہ 93 فیصد قدغن کی وجہ سے داخلوں سے محروم رہ جائیں گے۔درخواست گزار کی جانب سے استدعا کی گئی کہ میڈیکل داخلوں کے لیے انٹر بورڈ کمیٹی آف چیئرمین کے ایکولینس سرٹیفکیٹ کا فارمولاکالعدم قرار دیا جائے ۔

مزید استدعا کی گئی کہ کیس کے حتمی فیصلے تک یو ایچ ایس کو3 دسمبر کومیڈیکل داخلوں کے ابتدائی میرٹ لسٹ جاری کرنے سے روکنے کا حکم۔دیا جائے۔ جس پر لاہور ہائیکورٹ نے میڈیکل داخلوں کے لیے ایکولینس سرٹیفکیٹ فارمولا کے خلاف اور میڈیکل داخلوں کے لئے ابتدائی میرٹ لسٹیں روکنے کی متفرق درخواست مسترد کردی ۔ عدالت نے انٹر بورڈ کمیٹی آف چیئرمین کی جانب سے ایکولینس سرٹیفکیٹ کے اجرا کے طریقہ کار درست قرار دے دیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں