24گھنٹے ڈیوٹی لیں گے تو یہی حال ہوگا‘تحریک لبیک سے تصادم میں پولیس شہادتوں پر اعجاز چوہدری کی عجیب منطق

میں تو مسلسل کہتا رہا طاقت سے اس کا حل نہیں نکلے گا،فواد چوہدری نے غیر مہذب زبان استعمال کی‘ صدر تحریک انصاف پنجاب

پیر 6 دسمبر 2021 22:23

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2021ء) تحریک انصاف وسطی پنجاب کے صدر سینیٹر اعجاز چوہدری نے تحریک لبیک سے تصادم میں پولیس شہادتوں کی عجیب منطق پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ جب پولیس والوں سے 24 گھنٹے ڈیوٹی لیں گے تو یہی حال ہوگا۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے 24 گھنٹے ڈیوٹی لیں گے تو یہی حال ہوگا، 24 گھنٹے جگائے رکھنے کے بعد ایسی قوت کے سامنے لائیں گے تو ان کا کیا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پولیس والوں سے مجھے زیادہ ہمدردی ہے، جس پر ان سے سوال کیا گیا کہ آپ کو ہمدردی ہے تو کیا ان کے گھر گئے، انہوںنے جواب دیا جی نہیں، میں پولیس والوں کے گھر نہیں گیا۔ اعجاز چوہدری سے سوال کیا گیا کہ آپ اس معاملے میں پولیس والوں کے خاندانوں کو کیسے مطمئن کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے پولیس افسران سے بات کی ہے، اب آپ اس پر بات نہ کریں۔

(جاری ہے)

اعجاز چوہدری کا کہنا تھا کہ میں تو مسلسل کہتا رہا طاقت سے اس کا حل نہیں نکلے گا۔ فواد چوہدری کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ میں ان کا جواب نہیں دینا چاہتا کیونکہ فواد چوہدری نے غیر مہذب زبان استعمال کی، ان کو سوچ سمجھ کر بولنا چاہیے ،ایسی زبان سے انتہا پسندی بڑھتی ہے، برائی کو بھلائی سے ہی دور کیا جا سکتا ہے۔ایک سوال کے جواب میں اعجاز چوہدری نے کہا ہم مجبور ہو جاتے ہیں اس لیے ان سے بھی بات کرتے ہیں جو ناقابل قبول ہوں، میں نے ٹی ایل پی سے کسی سیاسی اتحاد کی بات نہیں کی ہے، سعدرضوی کو اپنی مرضی سے پھول دئیے تھے۔

انہوں نے کہا بات چیت اورگفت و شنید ہی ہر مسئلے کا حل ہے، اس پر سوال کیا گیا کہ کیا اسی لیے آپ ٹی ٹی پی سے بھی بات چیت کر رہے ہیں ۔انہوں نے جواب دیا یہ ہماری مجبوری ہے، وہ سوسائٹی کا حصہ ہیں۔اس سوال پر کہ کیا آپ پریانتھا کو جلانے والوں سے بھی یہی رویہ اپنائیں گی ۔انہوںنے جواب دیا آپ دونوں معاملات کو غلط ملا رہے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں