ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے احمد عزیز تارڑ کا نیا پاکستان اپارٹمنٹس سائٹ کا دورہ، جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا

جمعرات 9 دسمبر 2021 17:58

لاہور۔9دسمبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی - اے پی پی ۔ 09 دسمبر2021ء) :لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل احمد عزیز تارڑ نے گزشتہ روز ایل ڈی اے سٹی نیاپاکستان اپارٹمنٹس کا دورہ کیا اور موقع پر جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔چیف انجینئر ون ایل ڈی اے اسرار سعید نے ڈائریکٹر جنرل کو اپارٹمنٹس پر جاری تعمیراتی کاموں پر بریفنگ دی۔

ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے احمدعزیز تارڑ نے اس موقع پرکہا کہ ایل ڈی اے سٹی نیا پاکستان اپارٹمنٹس منصوبہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کا خواب تھا جس کی عملی تعبیر آج ہم سب کو نظر آرہی ہے۔حکومت پنجاب نے اس منصوبے کو تعبیر دینے کے لئے عملی طور پر اہم اور تاریخ ساز قدم اٹھایاہے۔یہ پہلا موقع ہے جب پاکستان میں عام شہریوں کو رہائشی سہولتوں کی فراہمی کے لئے سرکاری محکموں اور قومی بینکوں نے ایک دوسرے سے تعاون کرنے کا فیصلہ کیا ہے-انہوں نے کہا کہ ایل ڈی اے سٹی نیاپاکستان اپارٹمنٹس منصوبے کے تحت پہلے مرحلے میں چار ہزار اپارٹمنٹس بنا ئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

اس وقت موقع پر1128 اپارٹمنٹس پر کام جاری ہے۔ شہریوں کو بہت جلد ان کے اپارٹمنٹس کا قبضہ دے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تعمیراتی لاگت بڑھنے کے باوجود عام شہریوں پر اس کا بوجھ نہیں پڑے گا۔ یہ ملک بھر میں اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ ہے جس کے لئے سرکاری وسائل استعمال نہیں کئے جا رہے۔ ایل ڈی اے سٹی نیاپاکستان اپارٹمنٹس منصوبہ پاکستان میں رہائشی مکانات کی فراہمی کے لئے ایک نئے کلچر کا نقطہ آغاز ثابت ہوگا۔ڈائریکٹر جنرل نے اس موقع پر ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ منصوبے پر جاری کام کی رفتار کو تیز کیا جائے اور یہ منصوبہ بروقت مکمل کیا جائے۔اس موقع پر ایل ڈی اے کے متعلقہ افسران بھی ڈائریکٹر جنرل کے ہمراہ تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں