پی سی بی نے انڈر 13 اور انڈر 16 ٹورنامنٹس معطل کردئیے

معطلی کی وجہ کراچی اور ملتان میں جاری ٹورنامنٹس میں زائد العمر کھلاڑیوں کی شرکت ہے ان ایونٹس کو معطل کرنا اور بون ایج ٹیسٹنگ کے نئے راؤنڈ کا آغاز کرنا ہی درست ہوگا، ندیم خان

پیر 17 جنوری 2022 23:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2022ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نیکراچی اور ملتان میں جاری نیشنل انڈر 13 اور نیشنل انڈر 16 ٹورنامنٹس معطل کردئیے ہیں۔ معطلی کی وجہ کراچی اور ملتان میں جاری ٹورنامنٹس میں زائد العمر کھلاڑیوں کی شرکت ہے۔یہ انڈر 13 اور انڈر 16 کے ٹورنامنٹس پی سی بی کے پاتھ ویز پروگرام کا اہم جزو ہیں، لہٰذا ان ٹورنامنٹس کی ساکھ کو بچانے کے لیے صرف مستحق کھلاڑیوں کو ہی کھیلنے کی اجازت دے سکتے ہیں۔

لہٰذا پی سی بی نے دونوں ٹورنامنٹس میں شرکت کرنے والے تمام کھلاڑیوں کی بون ایج ٹیسٹنگ کا تیسرا راؤنڈ کروانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کی بنیاد پر نئی ٹیموں کی تشکیل کے بعد یہ ٹورنامنٹس آئندہ ہفتے سے دوبارہ سے آغاز سے شروع ہوں گے۔انڈر 16 ٹورنامنٹ میں ہر ایسوسی ایشن کی دو ٹیموں کے 300 کھلاڑی شرکت کررہے ہیں، لہٰذا وہاں بون ایج ٹیسٹنگ کا عمل منگل سے بدھ تک جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

اسی طرح کراچی میں انڈر 13 کے 150 کھلاڑیوں کی بون ایج ٹیسٹنگ منگل کو مکمل کرلی جائے گی۔ان بون ایج ٹیسٹ میں زائدالعمر قرار پانے والے کھلاڑیوں کو ان ٹورنامنٹس میں شرکت کی اجازت نہیں ہوگی۔ تاہم ان کھلاڑیوں کو اپیل کے لیے 2 روز تک کا وقت دیا جائے گا، جہاں انہیں دوبارہ بون ایج ٹیسٹنگ یا درست برتھ سرٹفیکیٹ اور متعلقہ دستاویزات جمع کروانے کی آپشن دی جائے گی۔

جب تک ٹورنامنٹس کا دوبارہ آغاز نہیں ہوتا، اس وقت تک تمام ٹیمیں کراچی اور ملتان میں ہی ٹھہریں گی جہاں انہیں پی سی بی کے مقررہ کوچز کی زیرنگرانی ٹریننگ کی اجازت ہوگی۔ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس پی سی بی ندیم خان کا کہنا ہے کہ ویڈیو شواہد سے تصدیق ہوئی ہے کہ کچھ زائد العمر کھلاڑی انڈر 13 اور انڈر 16 ٹورنامنٹس میں حصہ لے رہے ہیں، لہٰذا ان ایونٹس کو معطل کرنا اور بون ایج ٹیسٹنگ کے نئے راؤنڈ کا آغاز کرنا ہی درست ہوگا۔

ندیم خان نے کہا کہ پی سی بی زائدالعمر کھلاڑیوں کو نظام میں موجود خامیوں کا فائدہ اٹھانے اور مستحق کھلاڑیوں کی حوصلہ شکنی کی اجازت نہیں دے سکتا۔ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس کا کہنا ہے کہ غلط عمر کے ساتھ ایج گروپ کرکٹ کھیلنا ایک مجرمانہ جرم ہے جو ہمارے نظام کو متاثر کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان ٹورنامنٹس کی ساکھ کے تحفظ کے لیے درستگی کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی سی بی اب بون ایج ٹیسٹنگ کا تیسرا راؤنڈ کرے گا۔ اس راؤنڈ میں جس کھلاڑی کا بھی جرم ثابت ہوگا اسے ٹورنامنٹ سے باہر کردیا جائے گا جبکہ پی سی بی کے زیر اہتمام آئندہ ایونٹس میں اس کھلاڑی کی شرکت سے متعلق فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔اس کے علاوہ پی سی بی موجودہ نظام کا دوبارہ جائزہ لینے کے بعد اس کے پروٹوکولز مزید سخت کرکے اسے مربوط بنانے کی کوشش کرے گا، جہاں صرف درست عمر والے کھلاڑیوں کو ہی ایونٹس میں شرکت کی اجازت ہوگی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں