وزیرِاعظم کی قیادت میں ملک میں جمہوری حکومت کا نقشہ تبدیلی کی جانب گامزن ہے ، معاونِ خصوصی وزیرِ اعلی پنجاب برائے اطلاعات و ترجمان حسان خاور نے مریم نواز کے بیان پر اپنے ردعمل

منگل 18 جنوری 2022 19:17

لاہور۔18جنوری  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی - اے پی پی ۔18 جنوری2022ء) :معاونِ خصوصی وزیرِ اعلی پنجاب برائے اطلاعات و ترجمان  حسان خاور نے مریم نواز کے بیان پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ اگر ملک چھوڑ کر لندن فرار ہونے، سارے صوبے کے ترقیاتی فنڈز اپنے پسندیدہ شہروں پر لگانے، حکومت میں رہتے ہونے اپنے ذاتی ملازمین کے اکائو نٹس کے ذریعے سولہ ارب کی منی لانڈرنگ کرنے اور ڈیمز بنانے کی بجائے ہر سال بارشی پانی میں کھڑے ہو کر تصویریں کھنچوانے کا نام حکومت ہے تو آج واقعی اس طرز کی حکومت پاکستان میں نہیں ہے۔

وزیرِ اعظم عمران خان کی قیادت میں ملک میں جمہوری حکومت کا نقشہ تبدیلی کی جانب گامزن  ہے  جسے دیکھنے کے لیے ن لیگ کو شاہی عینک اتارنا پڑے گی۔ آج پاکستان تحریکِ انصاف قومی سطح پر تین ڈیمز بنا رہی ہے؛ پنجاب میں چار ڈیمز پر کام ہو رہا ہے، 360 ارب کے ڈسٹرکٹ ڈیویلپمنٹ پیکج سے ہر ضلع ترقی کی جانب گامزن ہے اور چار سو ارب کی لاگت سے ہیلتھ کارڈز کے ذریعے تمام خاندانوں کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی وزیرِ اعلی پنجاب حسان خاور نے منگل  کو  یہاں مقامی ہوٹل میں ای کامرس کے حوالے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کورونا وبا نے دنیا کا ای کامرس کی جانب سفر تیز تر کر دیا ہے ، ماہرین کے مطابق 2020 میں ای کامرس کی شرحِ نمو گزشتہ دس سالوں کے برابر تھی۔ حسان خاور نے مزید کہا کہ سرمایہ کاری کے لیے بہترین انفراسٹرکچر، فائدہ مند پالیسی فریم ورک اور تربیت یافتہ افرادی قوت درکار ہوتی ہے اور وزیرِ اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار ان تینوں شعبہ جات پر بھرپور توجہ دیئے ہوئے ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ ایک حالیہ سروے میں عوام نے سردار عثمان بزدار کی کارکردگی کو دیگر تمام صوبوں کے وزرائے اعلی سے بہترین قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی ستر فیصد آبادی جزوی یا مکمل طور پر ویکسینیٹ ہو چکی ہے، بزدار حکومت نے تعلیم، صحت، سرمایہ کاری اور دیگر شعبہ جات میں نمایاں کامیابیاں سمیٹی ہی، سرمایہ کاری کے لیے سازگار پالیسی فریم ورک کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعلی آفس میں قائم سرمایہ کاری سہولت مرکز آنے والے سرمایہ کاروں کو قدم قدم پر سہولت فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ زیرو این او پالیسی کے ذریعے سرخ فیتے کا خاتمہ، سپیشل اکنامک اور ٹیکنالوجی زونز کے قیام سمیت لاہور ٹیکناپولس پر کام کے آغاز سے سرمایہ کاروں کو سہولت ملی ہے۔ تربیت یافتہ افرادی قوت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ فنڈ اور ٹیوٹا اس حوالے سے خاطر خواہ کام کر رہے ہیں۔ حال ہی میں ٹیوٹا نے فیس بک کے فلیگ شپ پروگرام (She Means Business) کے تحت تین سو خواتین کو تربیت فراہم کی ہے اور مزید دس ہزار خواتین کو تربیت یافتہ بنانے پر کام جاری ہے۔

اس موقع پر مری سانحہ کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعلی پنجاب کی ہدایات کے مطابق انکوائری کمیٹی تمام پہلووں کی جامع چھان بین کے بعد اپنی سفارشات مرتب کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ذمہ داران کا تعین ہونے کے بعد انہیں قرار واقعی سزا دی جائے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں