ٰلاہور ،دارالسلام انٹر نیشنل نے ’’ ہدایة القاری شرح صحیح البخاری ‘‘ کا دوسرا ایڈیشن شائع کردیا

منگل 18 جنوری 2022 22:30

Qلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جنوری2022ء)دارالسلام انٹر نیشنل نے ’’ ہدایة القاری شرح صحیح البخاری ‘‘ کا دوسرا ایڈیشن شائع کردیا ۔یہ شرح 10جلدوں پر مشتمل ہے ۔ جبکہ صحیح البخاری کی شرح لکھنے کی سعادت شیخ الحدیث ابومحمد حافظ عبدالستار الحماد کو حاصل ہوئی ہے جوکہ سالہاسال کے عمیق مطالعہ اور محنت سے لکھی گئی ہے ۔ دارالسلام انٹر نیشنل کے مینجنگ ڈائریکٹر عبدالمالک مجاہد کہتے ہیں کہ صحیح بخاری کی اب تک بہت سی شروحات شائع کی جاچکی ہیں لیکن دس جلدوں پر مشتمل تفصیلی شرح شائع کرنے کی سعادت دارلسلام انٹر نیشنل کو حاصل ہوئی ہے جس پر ہم اللہ کے حضور سجدہ شکر بجالاتے ہیں کہ یہ عظیم کام صرف ا سی کے فضل وکرم کی وجہ سے ممکن ہوا ہے ۔

ہدایة القاری شرح صحیح البخاری کی نمایاں خصوصیات یہ ہیں کہ ہر بڑے عنوان کا مفہوم اور اس کے تحت چھوٹے چھوٹے عنوانات کی روشنی میں اس کے مشمولات پر تعارفی نوٹ دیے گئے ہیں،باب کی وضاحت اور اس میں آمدہ معلق روایات کی تخریج کی گئی ہے، عنوان اور حدیث میں مطابقت دی گئی ہے ، حدیث کا پس منظر اور دور حاضر کے مطابق حدیث کی تشریح کی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

احادیث میں تطبیق ، دیگر روایات میں آمدہ اضافوں کی صراحت ، دیگر احادیث کی روشنی میں امام بخاری کے موقف کی وضاحت ، امام بخاری پر اعتراضات اور منکرین حدیث کے شبہات کاازالہ کیا گیا ہے ۔

کتاب کا عرض ناشر عبدالمالک مجاہد نے لکھا ہے جبکہ امام بخاری کے حالات زندگی اور صحیح البخاری کے تعارف پر تفصیلی مضامین ابو محمد حافظ عبدالستار الحماد کے قلم سے لکھے گئے ہیں اور کتاب کا مقدمہ مولانا ارشادالحق اثری نے لکھا ہے اس طرح سے کتاب کی افادیت میں کئی گنا اضافہ ہوگیا ہے ۔ یہ کتاب شائقین علوم حدیث کے لئے یقینا ایک گراں قدر ہدیہ ہے

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں