عمران خان نے سیاست کی پرواہ کئے بغیر اصلاحات جیسے مشکل ہدف کو چیلنج کے طو رپر قبول کیا ‘ ہمایوں اختر

حکومت آئینی مدت پوری کرے گی ، آئندہ پانچ سال بھی یہی تسلسل جاری رہے گا ‘ مرکزی رہنما تحریک انصاف

جمعرات 20 جنوری 2022 12:43

عمران خان نے سیاست کی پرواہ کئے بغیر اصلاحات جیسے مشکل ہدف کو چیلنج کے طو رپر قبول کیا ‘ ہمایوں اختر
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2022ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سا بق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ عوامی مقبولیت اور حکومت کرنے کا تجربہ رکھنے کے دعویداروں نے اپنی سیاست کو بچانے کیلئے کبھی بھی اصلاحات جیسے مشکل ہدف پر ہاتھ نہیں ڈالا ، وزیر اعظم عمران خان نے معیشت سمیت تمام شعبوں کے بیگاڑ کو درست کرنے کیلئے اصلاحات کیلئے عملی اقدامات اٹھا کر خود کو وژن رکھنے والا لیڈر ثابت کیا ہے ، قومی سلامتی پالیسی میں قومی آہنگی ،معیشت ،سرحد وں کے معاملات ،ملکی دفاع ،دہشتگردی ،خارجہ پالیسی سمیت دیگر نکات شامل ہیں اور یہ سب انتہائی توجہ کے حامل ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے مرکزی دفتر میں ملاقات کے لئے آنے والے پارٹی رہنمائوں اور اکابرین کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

ہمایوں اختر خان نے کہا کہ پاکستان کئی دہائیوں سے جس ٹریک پر چل رہا تھا ہم آئندہ سو سال بھی اس پر چلتے رہتے تو ترقی کی منازل طے نہیں ہونا تھیں ۔موجودہ حکومت روایتی شعبوں کے ساتھ ساتھ مجموعی قومی آمدن میں اضافے کے لئے نئے شعبے تلاش کر رہی ہے جس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی، آئی ٹی کی ترقی کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں ، پہلی موثر قومی ایس ایم ای پالیسی کا نفاذ کیا گیا ہے جس میں ریگولیٹری اصلاحات، ٹیکسیشن کے نظام میں آسانی ، کاروبار کیلئے وسائل تک آسان رسائی اور دیگر اقدامات شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے پاکستان کو معاشی طور پر ٹیک آف کی پوزیشن پر لے کر جانا ہے تو روایتی اور ڈنگ ٹپائو پالیسیوں کی بجائے اصلاحات کے عمل کو تیز رفتاری سے آگے بڑھانا ہوگا اور وزیر اعظم عمران خان نے اپنی سیاست کی پرواہ کئے بغیر اس مشکل ہدف کو چیلنج کے طو رپر قبول کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انشا اللہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی اور آئندہ پانچ سال بھی یہی تسلسل جاری رہے گا جس سے اصلاحات اور ملک کی ترقی کے بہت سے منصوبے پایہ تکمیل کو پہنچیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں