کاشتکاروں کے مسائل حل نہ کیے تو وزیر اعلیٰ ہائوس کا گھیرائو کریںگے ‘ جاوید قصوری

حکمرانوں نے 6ارب ڈالر کے حصول کی خاطر پاکستان کی خود مختاری کو فروخت کردیا ہے‘ امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب

ہفتہ 22 جنوری 2022 16:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2022ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے کاشتکاروں کو ان کے حقوق نہ دیئے تو لاہور سمیت پورے پنجاب میں مظاہرے کریں گے اور اگر پھر بھی بے حسی کا مظاہرہ کیا جاتا رہا تو وزیر اعلیٰ ہائوس کا گھیرائو کریںگے۔ حکمرانوں کی عادت بن گئی ہے کہ وہ عوام کو درپیش مسائل پر توجہ ہی نہیں دیتے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بیکری اشیاء پر 17فیصد سیلز ٹیکس عائد کرنے سے بیکری کی مصنوعات کی قیمتوں میں 25فیصد تک اضافہ ہوجائے گا جبکہ منی بجٹ پیش کرتے ہوئے حکومت نے بیکری اشیاء پر سیلز ٹیکس نہ لگانے کا بر ملا اعلان اعلان کیا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی ہر بات پر جھوٹی ثابت ہوئی ہے۔

ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح 19.36فیصد رہی جبکہ 24اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت عوام کا اعتماد کھوچکی ہے۔ خیبر پختونخواہ میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ عوام نے تحریک انصاف کو مسترد کردیا ہے۔ تبدیلی کو ووٹ دینے والے بھی مایوس نظر آتے ہیں۔ اب وقت آگیا ہے کہ ان سے نجات حاصل کی جائے۔

لاہور میں ہونے والا دہشت گردی کا واقعہ سیف سٹی کا پول کھولنے کے لئے کافی ہے ۔ اصل ذمہ داران کو فوری گرفتار کیا جائے ۔ملک و قوم کے ساتھ خون کی ہولی کھیلنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جا سکتی ۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ درحقیقت حکمرانوں نے 6ارب ڈالر کے حصول کی خاطر پاکستان کی خود مختاری کو فروخت کردیا ہے۔ آئی ایم ایف کی غلا می اور دیگرعاقبت نا اندیش فیصلوں کی بدولت حکمران پاکستان کی آزادی خود مختاری اور سلامتی کے لئے سیکورٹی رسک بن چکے ہیں ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں