سیاسی مستقبل تاریک نظر آنیکی وجہ سے اپوزیشن کی بے چینی اور اضطراب درست ہے ‘ ہمایوں اختر خان

حکومت اپنی آئینی مدت پوری کر ے گی، تحریک انصاف دوبارہ بھی حکومت بنائے گی ‘ سینئر مرکزی رہنما

ہفتہ 22 جنوری 2022 23:54

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جنوری2022ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کو 2023ء کے بعد بھی اپنا سیاسی مستقبل تحریک نظر آرہا ہے اس لئے ان کی بے چینی اور اضطراب درست ہے ، عوام سوال پوچھتے ہیںکہ مسلم لیگ(ن)اور پیپلز پارٹی جو کئی دہائیوں کے اقتدار میں ملک کے لئے کچھ نہیں کر سکے اب وہ کس بنیاد پر بڑے بڑے دعوے کر رہے ہیں،انشا اللہ آئندہ بھی تحریک انصاف حکومت بنائے گی اور اصلاحا ت اور ترقی کا عمل بلا تعطل جاری رہے گا ۔

اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ اپوزیشن مہنگائی کے خلاف نہیں بلکہ اپنی سیاست کو بچانے کیلئے سڑکوں پر نکلنے کے منصوبے بنا رہی ہے،حکومت نے ہر ممکن کوشش کرکے عوام کو عالمی سطح پر ہونے والی مہنگائی کے بد ترین اثرات سے محفوظ رکھاہواہے جس کے ثبوت کے طور پر عالمی سروے اوراعدادوشمارموجودہیں۔

(جاری ہے)

ٹارگٹڈسبسڈی کے ذریعے مستحق طبقات کواشیائے خوردونوش پر خصوصی سبسڈی کا پروگرام ترتیب دیا گیا جبکہ احساس پروگرام کا منصوبہ اس سے الگ ہے۔

ہمایوںاخترخان نے کہا کہ عوام جانتے ہیں کہ موجودہ حکومت میں کرپشن اور لوٹ مار کے آگے بندھ باندھاگیا ہے ، حکومت اصلاحات جیسے مشکل مراحل کو کامیابی سے تکمیل تک پہنچارہی ہے اورحالات میں بتدریج بہتری آرہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن صبر رکھے حکومت نہ صرف اپنی آئینی مدت پوری کر ے گی بلکہ آئندہ مدت کے لئے بھی دوبارہ منتخب ہو گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں