Qاوورسیز پاکستانیوں کے حقوق اور املاک کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنانا ضروری، ملکی معیشت کی مضبوطی کیلئے اوورسیز پاکستانیوں کی خدمات فراموش نہیں کرسکتی: چودھری پرویزالٰہی

Aچودھری شجاعت حسین نے بطور وزیراعظم اوورسیز پاکستانیوں کی میتیں مفت واپس لانے اور 50ہزار روپے تدفین کیلئے مقرر کئے، ہمارا بہت بڑا مسئلہ حل کیا: صدر میاں ذاکر نسیم ?سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال، پنجاب اسمبلی کی نئی بلڈنگ اور ایوان مکمل ہونے پر سپیکر چودھری پرویزالٰہی کو مبارکباد، پنجاب اسمبلی کی نئی بلڈنگ اور ایوان کا دورہ بھی کیا۔ وفد میں جنرل سیکرٹری چودھری تنویر اور سینئر رہنما چودھری ادریس عارف شامل تھے

اتوار 23 جنوری 2022 20:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جنوری2022ء) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے پاکستان مسلم لیگ امریکہ کے صدر میاں ذاکر نسیم، جنرل سیکرٹری چودھری تنویر اور سینئر رہنما چودھری ادریس عارف نے سپیکر چیمبر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ بیرون ملک بسنے والے پاکستانی ہمارا سرمایہ ہیں، ان کے حقوق اور املاک کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنانا ضروری ہے، ملکی معیشت کی مضبوطی کیلئے اوورسیز پاکستانیوں کی خدمات فراموش نہیں کرسکتے۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ نے حکومت کے ساتھ مل کر اوورسیز پاکستانیوں کیلئے قانون سازی کی اور لاکھوں پاکستانیوں کے حق رائے دہی کے عمل کو آسان بنانے کیلئے اپنا ذمہ دارانہ کردار ادا کیا ہے، سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے جامع پالیسی بنائیں گے۔

(جاری ہے)

چودھری پرویزالٰہی نے صدر مسلم لیگ امریکہ میاں ذاکر نسیم کی پارٹی کیلئے اندورن و بیرون ملک خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ امریکہ میں مسلم لیگ کے سلسلہ وار اجلاسوں سے پارٹی کی پوزیشن مزید مضبوط ہوئی، امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کیلئے ان کی گرانقدر خدمات ہیں جنہیں فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

میاں ذاکر نسیم نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کیلئے پاکستان مسلم لیگ نے اپنے دور میں بے مثال کام کئے، چودھری شجاعت حسین نے بطور وزیراعظم اوورسیز پاکستانیوں کی میتیں مفت وطن واپس لانے اور تدفین کیلئے پچاس ہزار روپے وظیفہ بھی مقرر کیا جس سے پاکستانی کمیونٹی کے بڑے مسائل حل ہوئے۔ میاں ذاکر نسیم، چودھری تنویر اور چودھری ادریس نے پنجاب اسمبلی کی نئی بلڈنگ اور ایوان مکمل ہونے پر سپیکر چودھری پرویزالٰہی کو مبارکباد پیش کی۔ وفد نے پنجاب اسمبلی کی نئی بلڈنگ اور ایوان کا دورہ بھی کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں