,سپریم کورٹ کی جانب سے قائم ڈیمز عملدرآمد کمیٹی کا اجلاس ،مہمند ڈیم اور دیا مر بھاشا ڈیم پر تعمیراتی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا

!مہمند ڈیم کی 13جبکہ دیا مر بھاشا ڈیم کی 10 سائٹس پر بیک وقت تعمیراتی کام جاری ہے‘چیئرمین واپڈا کا اجلاس سے خطاب

بدھ 26 جنوری 2022 20:30

م*لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 جنوری2022ء) سپریم کورٹ کی جانب سے قائم کی گئی دیا مربھاشا اور مہمند ڈیمز عملدرآمد کمیٹی کا اجلاس عملدرآمد کمیٹی کے سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں دونوں منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر)مزمل حسین نے کی۔ چیئرمین واپڈا ڈیمز عملدرآمد کمیٹی کے بھی چیئرمین ہیں۔

جوائنٹ سیکرٹری وزارتِ آبی وسائل اور عملدرآمد کمیٹی کے سیکریٹری سید محمد مہر علی شاہ کے علاوہ جوائنٹ سیکریٹری (بجٹ)فنانس، سیکرٹری بورڈ آف ریونیو خیبرپختونخوا،ممبرنیشنل ہائی وے اتھارٹی (نارتھ زون)، ڈپٹی سیکرٹری پرائم منسٹر آفس، کمشنر دیا مر استور ڈویژن اور ڈپٹی چیف پلاننگ کمیشن اجلاس میں شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

واپڈا ممبرز،سیکرٹری اور دیگر سینئر آفیسرز بھی اجلاس میں موجود تھے۔

اجلاس سے خطاب میں چیئرمین واپڈا نے کہا کہ دیا مر بھاشا اور مہمند ڈیمز کی تعمیر کے لئے عملدرآمد کمیٹی بھر پور کردار ادا کر رہی ہے۔ منصوبوں کی جلد از جلد تکمیل کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے چیئرمین نے اجلاس کے شرکا کو بتایا کہ دنیا بھر میں کووڈ19کی بدولت معمولات زندگی متاثر ہوئے ہیں لیکن اِس کے باوجود دیا مر بھاشا اور مہمند ڈیم پر تعمیراتی سرگرمیاں رات دِن جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مہمند ڈیم کی 13 سائٹس جبکہ دیا مر بھاشا ڈیم کی 10 سائٹس پر بیک وقت تعمیراتی کام کیا جارہا ہے۔ چیئرمین واپڈا نے شرکا کو دونوں منصوبوں کی تیز تر تکمیل کی راہ میں حائل رکاوٹوں کے بارے میں بھی بتایا۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ19کے علاوہ ضرورت کے مطابق فنڈز کی فراہمی، سکیورٹی کی بدلتی صورتِ حال، اراضی کی تحویل اور دیا مر بھاشا ڈیم کے لئے بلندی پر تعمیر کی جانے والی قراقرم ہائی وے کے اہم حصوں کی تعمیر ایسے مسائل ہیں جنہیں متعلقہ اداروں کی جانب سے بروقت حل کیا جانا بہت ضروری ہے۔

بصورت ِ دیگر دونوں منصوبوں کی ٹائم لائنز کے مطابق تکمیل میں دشواری پیش آسکتی ہے۔بعد ازاں ممبر (فنانس)واپڈا نے اجلاس کو غیر ملکی زرِ مبادلہ کے حوالے سے دونوں منصوبوں کے فنانشل کلوز سے متعلق اور فنڈز کی ضروریات اور فراہمی کے بارے میں آگاہ کیا۔ جنرل منیجر (لینڈ ایکوزیشن اینڈ ری سٹلمنٹ)، جنرل منیجر / پراجیکٹ ڈائریکٹر (دیا مر بھاشا ڈیم)اور جنرل منیجر/پراجیکٹ ڈائریکٹر(مہمند ڈیم) نے شرکا کو دونوں منصوبوں پر پیش رفت اور ایشوز کے بارے میں بریفنگ دی۔

واپڈا نے مہمند ڈیم پر مئی 2019 جبکہ دیا مر بھاشا ڈیم پر جولائی 2020 میں تعمیراتی کام شروع کیا تھا۔ مہمند ڈیم کی تکمیل کے لئے 2025 جبکہ دیا مر بھاشا ڈیم کے لئے 2029 کا ہدف مقررکیا گیا ہے۔ مہمند ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی مجموعی صلاحیت 1.29ملین ایکڑ فٹ جبکہ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 800میگاواٹ ہے۔ اسی طرح دیا مر بھاشا ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی مجموعی صلاحیت 8.1ملین ایکڑ فٹ جبکہ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 4ہزار 500میگاواٹ ہی

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں