اپوزیشن نے رہنمائوں ، کارکنوں کو ساتھ جوڑے رکھنے کیلئے لانگ مارچ کا شوشہ چھوڑا ‘ ہمایوں اختر خان

عوام جان چکے ہیں اپوزیشن صرف عمران خان کے بغض میں منفی پراپیگنڈا اور مایوسی پھیلاتی ہے ‘ مرکزی رہنما

جمعرات 27 جنوری 2022 21:34

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 جنوری2022ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ اگر اپوزیشن عوام میں اپنی سیاسی حیثیت کو منوانا چاہتی ہے تو اسے منفی سر گرمیاں ترک کرنا ہوں گی ، اپوزیشن نے رہنمائوں اور کارکنوں کو اپنے ساتھ جوڑے رکھنے کیلئے لانگ مارچ کا شوشہ چھوڑا ہے ، وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت حقیقی معنوں میں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کوشاں ہے ،لاہو ر ڈویژن میں صحت انصاف کارڈ کے اجراء کے بعد صرف 18روز میں 10کروڑ روپے سے زائد کا مفت علاج کیا گیا ہے ۔

ان خیالات کا اظہارا انہوں نے حلقہ این اے 130کی وارڈ نمبر7میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر وارڈ نمبر 7میں ہونے والے انتخابات کیلئے انتخابی مہم کی حکمت عملی بارے بھی تبادلہ خیال کیاگیا ۔

(جاری ہے)

ہمایوں اختر خان نے کہا کہ عوام نے تحریک انصاف کو پانچ سال کا مینڈیٹ دیا ہے اس لئے اپوزیشن صبر سے کام لے ۔ آئندہ عام انتخابات میں ملک کی کشتی کو بھنور سے نکالنے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات، اپنے منصوبوںخصوصاً اصلاحات کے عمل کو عوام کے سامنے رکھیں گے اور عوام بہترین منصف ہیں ۔

انہو ں نے کہا کہ عوام جان چکے ہیں کہ اپوزیشن صرف وزیر اعظم عمران خان کے بغض میں منفی پراپیگنڈا اور مایوسی پھیلاتی ہے اس لئے انہیں پذیرائی نہیں ملتی جس سے ان کی بے چینی مزید بڑھ جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے دستیاب وسائل کا رخ کمزور طبقات کی جانب موڑا ہے اور انہیں سہارا دینے کے ساتھ ساتھ اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کیلئے بھی کئی منصوبے شروع کئے گئے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں