اولین ترجیح اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کو حل کرنا ہے جس کے لئے ایک جامع پالیسی بھی بنائی جا رہی ہے‘طارق محمود الحسن

اسلام آباد میں 30 یوم کے اندر ون ونڈوآپریشن سہولت کا آغاز کر دیا جائے گا جہاں ایک ہی چھت کے نیچے اوورسیز پاکستانیوں کو تمام خدمات اور سہولیات میسر ہو نگی‘اجلاس سے خطاب

ہفتہ 29 جنوری 2022 00:02

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جنوری2022ء) وزیر اعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے اوورسیز اینڈہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ مخدوم سید طارق محمود الحسن نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر اسلام آباد میں 30 یوم کے اندر ون ونڈوآپریشن سہولت کا آغاز کر دیا جائے گا جہاں ایک ہی چھت کے نیچے اوورسیز پاکستانیوں کو تمام خدمات اور سہولیات میسر ہو نگی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا ویژن اور اولین ترجیح اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کو حل کرنا ہے جس کے لئے ایک جامع پالیسی بھی بنائی جا رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن میں او پی سی آفیسران کے ساتھ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں کمشنر او پی سی سید خادم عباس،ڈائریکٹر جنرل عشرت اللہ خان نیازی، ڈائریکٹر پولیس امتیاز احمد علی ڈائریکٹر ایڈمن تنویر ماجد، ڈائریکٹر لیگل راجہ زبیر،ڈائریکٹر ریونیو محمد اسلم رامے، ڈپٹی ڈائریکٹر ریونیو ذولفقار بھون اور دیگر ڈیلنگ آفیسران بھی شریک تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی رہنمائی میں تین ماہ کے عرصہ میں پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن میں سمندر پار پاکستانیوں کی فلاح وبہود کے لئے ایک ہی چھت کے نیچے انقلابی اقدامات کیے گئے جس سے اوورسیز پاکستانیوں کو بہت ریلیف ملا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وزیراعظم عمران کے دور حکومت میں اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ملا ہے جس پر سمندپار پاکستانی بہت خوش ہیں۔

حکومت اس سلسلے میں سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے تاکہ آئندہ الیکشن میں اوورسیز پاکستانی اپنا ووٹ ڈال کر قومی دھارے میں شامل ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیزپاکستانی ہمارا نہایت ہی قیمتی اثاثہ ہیں۔ جنہوں نے پاکستان کے مشکل حالات میں جس میں سلاب، کروناوبا اور آسمانی آفات شامل ہیں کے دوران وطن عزیز کی بڑی مدد کی ہے۔انہوں نے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے 160 ممالک میں بسنے والی90 لاکھ اوورسیز پاکستانیوں کی بہتر خدمت کے لیے وفاقی اور صوبائی اداروں کے مابین باہمی رابطوں کو بھی مزید موثر اور فعال بنانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کروں گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں