پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ لاہورمیں پنجاب پولیس کے 56 ویں لوئر کلاس کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا انعقاد

پاسنگ آؤٹ پریڈ میں 713 اہلکاروں کی شرکت۔ پنجاب پولیس کے 548 جوان، پی ایچ پی کے 138 اور 27 خواتین اہلکار شامل چوہنگ کالج میں اہلکاروں کو جدید تقاضوں کے مطابق بہترین پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔ کمانڈنٹ چوہنگ احمد جمال الرحمان

بدھ 18 مئی 2022 00:02

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2022ء) ڈی آئی جی ٹریننگ پنجاب رائو عبدالکریم نے کہاہے کہ آئی جی پنجاب رائو سردار علی خان کے ویژن کے مطابق پنجاب پولیس میں اہلکاروں کی محکمانہ ترقی کیلئے تربیتی کورسز پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے تاکہ میرٹ اور سنیارٹی کے مطابق ترقی کے اہل اہلکاروں کو انکا جائزحق بلا تاخیر دیا جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ بیسک ریکروٹ کورسز کے ساتھ ساتھ پنجاب پولیس میں ہر سطح پر اہلکاروں کی استعداد کار میں اضافے کیلئے جدید مہارتوں پر مبنی تربیتی اور ریفریشر کورسز جاری ہیں اور ان ریفریشر کورسز کا مقصد اہلکاروں کو دوران ڈیوٹی بہترین کارکردگی کیلئے تازہ دم کرنا ہے۔

ڈی آئی جی ٹریننگ پنجاب رائو عبدالکریم نے لوئر کلاس کورس پاس آئوٹ کرنے والے اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ پہلے سے زیادہ محنت اور فرض شناسی کے ساتھ فرائض ادا کریں اور دوران ڈیوٹی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیلئے نہ صرف شہریوں کے دست و بازو بنیں بلکہ پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد سازی کو بہتر سے بہتر بنائیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ لاہور میں پنجاب پولیس کے 56ویں لوئر کلاس کورس کی پاسنگ آئوٹ پریڈ میں اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تفصیلات کے مطابق پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ میں پنجاب پولیس کے 56 ویں لوئر کلاس کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈی آئی جی ٹریننگ پنجاب راؤ عبد الکریم نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔ 56 ویں لوئر کلاس کورس میں پنجاب پولیس کے 713اہلکاروں نے حصہ لیا ہے جن میں پنجاب پولیس کے 548 جوان، پی ایچ پی کے 138 اور 27 خواتین اہلکار شامل ہیں ۔

کمانڈنٹ چوہنگ ڈی آئی جی احمد جمال الرحمان نے اپنے خطاب میں بتایا کہ چوہنگ کالج میں زیر تربیت تمام اہلکاروں کو جدید تقاضوں کے مطابق بہترین پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لوئر کلاس کورس میں شامل اہلکاروں کو چار مہینے دورانئے پر مشتمل بہترین پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی گئی ہے جس میں قوانین ، اخلاقیات، کردار سازی ، فزیکل ٹریننگ ، ویپن ہینڈلنگ ، فائرنگ ، پریکٹیکل ، سیمولیٹرفائرنگ اورمثل رائٹنگ کی تربیت کروائی گئی ہے جبکہ تربیتی کورس مکمل کے بعد کانسٹیبل ہیڈ کانسٹیبل کے عہدے پر پروموشن کے اہل ہوجائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ ٹریننگ کورس مکمل کرنے والوں میں لاہور پولیس کی347، گوجرانوالہ ریجن کی165،پی ایچ پی کے 138، قصور کے 10،ننکانہ کے 36اور شیخوپورہ کے 15اہلکار شامل ہیں ۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ لوئر کلاس کورس پاس کرنے والوں میں تعلیم یافتہ اہلکاروں کی بڑی تعداد شامل ہے اور 152 اہلکار ماسٹر ڈگری ہولڈر، 368 گریجویٹ، 157 ایف اے، ایف ایس سی اور 36 نے میٹرک پاس کر رکھا ہے۔

کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ احمد جمال الرحمان نے کہا کہ لوئر کلاس کورس مکمل کرنے والے تمام اہلکار فیلڈ میں پہلے سے زیادہ عمدگی سے فرائض ادا کریں گے۔پاسنگ آئوٹ پریڈ کے اختتام پر مہمان خصوصی ڈی آئی جی ٹریننگ پنجاب نے دوران کورس بہترین کارکردگی دکھانے والے اہلکاروں میں انعامات تقسیم کئے۔ انعامات حاصل کرنے والوں میں ظفرعباس کو آل ارائونڈکیٹیگری میں مجموعی طور پر پہلا انعام،ذوالفقار حسین کو دوسرا جبکہ سہیل احمد کو تیسرا انعام دیا گیا ۔

قانون اور تعلیمی مضامین میں ظفر عباس کو پہلا،فائرنگ میں مدثر حسین کو پہلا جبکہ پی ٹی پریڈ میں محمد بابر خان کو پہلا انعام دیا گیا۔ پاسنگ آؤٹ پریڈ کے اختتام پر تمام اہلکاروں نے بھرپور نظم و ضبط کے ساتھ مارچ پاسٹ کیا ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں