وفاقی حکومت نے انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب رائو سردار علی خان اور ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ پنجاب، علی عامر ملک کو گریڈ 22میںترقی دے دی

جمعرات 19 مئی 2022 22:03

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 مئی2022ء) وفاقی حکومت اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ،رائو سردار علی خان کو گریڈ 22میں ترقی دینے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے پنجاب پولیس کے 2 افسران کو گریڈ 21 سے گریڈ 22 میں ترقی دے دی ہے ۔جن میں پنجاب پولیس کے سربراہ رائوسردار علی خان اورایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ پنجاب، علی عامر ملک شامل ہیں۔

ترقی پانے والے دونوں افسران کا شمار پاکستان پولیس سروس کے انتہائی پروفیشنل، ایماندار اور تجربہ کار بہترین افسران میں ہوتا ہے اورانہیں انتہائی اہم عہدوں پر فرائض سر انجام دینے کاخصوصی تجربہ حاصل ہے ۔ رائو سردار علی خان آئی جی پنجاب کے عہدے پرتقرری سے قبل ایم ڈی پنجاب سیف سٹی اتھارٹی اور ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس پنجاب، سی پی او کے عہدے پر فرائض سر انجام دے چکے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے 5سال سے زائد عرصہ تک انٹیلی جنس بیورو میں اپنی خدمات سر انجام دیں جبکہ انہوں نے بطور سی پی او فیصل آباد، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور، آر پی او سرگودھا، آر پی او بہاولپورکے عہدوں پر فرائض سر انجام دے رکھے ہیں ۔ رائو سردار علی خان نے 2سال آسٹریلیا اوراقوام متحدہ مشن میں بھی فرائض سر انجام دئیے ہیں۔آئی جی پنجاب کے عہدے پر تقرری کے بعدرائو سردار علی خان نے شہریوں کی جان ومال کے تحفظ اور انہیں خدمات کی باآسانی فراہمی کیلئے خصوصی اقدامات کئے ہیں جن میں تھانوں کی اپ گریڈیشن ،اضافی سہولیات ، آپریشنز اور انویسٹی گیشن کو یکساں وسائل کی فراہمی نمایاں ہیں ۔

کرپشن اوراختیارات سے تجاوز پر زیروٹالرینس اورافسران کی میرٹ پر تقرری رائو سردار علی خان کی پالیسی کا اہم حصہ ہے جس سے صوبے سے جرائم کا خاتمہ اورامن و امان کی صورتحال میں بہتری آرہی ہے ۔ آئی جی پنجاب کی ہدایت پر حال ہی میں پنجاب پولیس راولپنڈی نے مری میں ٹورسٹ پولیس کا آغاز کیا ہے جس سے مری آنیو الے سیاحوں کو خصوصی سہولت اور مدد حاصل ہو رہی ہے۔

ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ پنجاب، علی عامر ملک کاتعلق بھی پاکستان پولیس سروس کے 18ویں کامن سے ہے ۔ وہ ان دنوں سنٹرل پولیس آفس میں ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ پنجاب کے عہدے پر فرائض سرانجام دے رہے ہیں جبکہ ایڈیشنل آئی جی انٹرنل اکائونٹیبلٹی برانچ کا اضافی چارج بھی ان کے پاس ہے۔ علی عامر ملک اس سے قبل ایم ڈی سیف سٹیز اتھارٹی، ایڈیشنل آئی جی لاجسٹکس اینڈ پروکیورمنٹ، آر پی او گوجرانوالہ ریجن، ڈی آئی جی ٹیلی اینڈ ٹرانسپورٹ، ڈی آئی جی ڈسپلن اینڈ انٹرنل انویسٹی گیشن، آر پی او ملتان ، ڈی آئی جی پی ایچ پی، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور دیگر عہدوں پر بھی اپنی خدمات سر انجام دے چکے ہیں

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں