بجلی کابحران شدت اختیار کر گیا، مختلف شہری اور دیہی علاقوںمیں12سی16گھنٹے کی لوڈشیڈنگ

کاروبار زندگی معطل ہو گیا ،بجلی کی بار بار بندش سے پانی کا بحران بھی شدت اختیار کر گیا ،عوام کا شدید احتجاج

جمعرات 19 مئی 2022 23:16

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2022ء) ملک میں بجلی کا بحران ایک مرتبہ پھر شدت اختیار کرگیا ہے جس سے کاروبار زندگی معطل ہو کر رہ گیا ، مجموعی شارٹ فال 5 ہزار میگا واٹ سے تجاوز کرنے کے بعد مختلف شہری اور دیہی علاقوں میں دورانیہ12سی16گھنٹے تک پہنچ گیا ہے ،بجلی کی بار بار بندش سے پانی کا بحران بھی شدت اختیار کر گیا جس کے خلاف عوام نے شدید احتجاج کیا ۔

پاور ڈویژن کے ذرائع کے مطابق ملک میں بجلی کی مجموعی پیداوار 21 ہزار 447 میگاواٹ جبکہ بجلی کی کل طلب 26 ہزار 500 میگاواٹ سے زائد ہوگئی ہے۔ شارٹ فال میں 5 ہزار سے زائد میگاواٹ کے فرق کے باعث لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بھی بڑھا دیا گیا ہے۔ مختلف شہری علاقوں میں ہر گھنٹے بعد ایک گھنٹے کیلئے بجلی بند کی جارہی ہے دیہی علاقوں میں دورانیہ 14 سی16گھنٹے سے زائد ہوگیا ہے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق لیسکو میں بجلی کی طلب 5100 میگاواٹ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ لیسکو کو 3750 میگاواٹ بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔ بدترین غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کو پریشان کر دیا ہے اور معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں ۔میٹرک کے سالانہ امتحانات دینے والے بچے بھی بجلی کی بار بار بندش کی وجہ سے تیاری نہیں کر پا رہے ۔دوسری جانب بجلی کی بار بار بندش کی وجہ سے پانی کا بحران بھی شدت اختیار کر گیا ہے ،کئی علاقوںمیں لوگ پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں اور وہ دوسرے علاقوں سے پانی بھر کر لانے پر مجبور ہیں ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں